آئی ایس پی آر کی پریس ریلیز پر فواد چوہدری اور اسد عمر کا الگ الگ موقف

پیر 8 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز حیران کن ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان سمجھتے ہیں کہ ان پر قاتلانہ حملے میں کوئی آفیسر ملوث ہیں تو آزادانہ اور شفاف تحقیقات کے ذریعے ان کو مطمئن کیا جانا چاہیے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ الزام کی تحقیقات سے انکار اور ایسی پریس ریلیز سے آپ بتا رہے ہیں کہ پاکستان میں آپ قانون سے بالا تر ہیں۔ ایسے رویے قوموں کے لیے تباہ کن ہوتے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے بیان سے اتفاق کرتا ہوں: اسد عمر

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ میں آئی ایس پی آر کے بیان سے مکمل اتفاق کرتا ہوں۔ الزامات کے حل کے لیے قانونی راستہ اختیار کیا جائے۔

اپنی ایک ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ایف آئی آر درج کرانے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ اس قانونی راستے کی حمایت کرنے والے ادارے کا یہ مثبت قدم ہو گا۔

واضح رہے کہ آئی ایس پی آر نے اپنی پریس ریلیز میں کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے بغیر کسی ثبوت کے ایک حاضر سروس اعلیٰ فوجی افسر پر انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور بے بنیاد الزامات عائد کیے ہیں جو من گھڑت اور بدنیتی پر مبنی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں پاک فوج کے افسر کے خلاف عمران خان کے بیانات قابل مذمت اور ناقابل قبول ہیں: آئی ایس پی آر

آئی ایس پی آر کے مطابق تمام الزامات انتہائی افسوس ناک، قابل مذمت اور ناقابل قبول ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp