شوٹنگ کے دوران زخمی ہونے کے بعد شاہ رخ خان علاج کے لیے امریکا منتقل

ہفتہ 19 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان فلم ‘کنگ’ کے دوران ایکشن سے بھرپور مناظر کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہوگئے۔ فلم کی شوٹنگ گولڈن ٹوبیکو اسٹوڈیو ممبئی میں جاری تھی جب یہ واقعہ پیش آیا۔

بھارتی ویب سائٹ ‘بالی ووڈ ہنگامہ’ کے مطابق شاہ رخ خان کو فوری طور پر علاج کے لیے امریکا منتقل کیا گیا ہے جہاں وہ آرام کر رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق شاہ رخ خان کو کوئی سنگین چوٹ نہیں آئی تاہم انہیں پٹھوں کی چوٹ لگی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ وہ پہلے بھی متعدد بار ایکشن مناظر کی شوٹنگ کے دوران پٹھوں کی چوٹوں کا شکار ہو چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: شاہ رخ خان ’کنگ‘ کی شوٹنگ کے دوران زخمی، ریلیز تاخیر کا شکار؟

بھارتی میڈیا کے مطابق چوٹ کی مکمل تفصیلات سامنے نہیں آئیں لیکن شاہ رخ خان اور ان کی ٹیم فوری طور پر طبی امداد کے لیے امریکا روانہ ہو گئی۔ ڈاکٹروں نے انہیں ایک ماہ کے لیے مکمل آرام کا مشورہ دے دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان اب ستمبر یا اکتوبر میں فلم ‘کنگ’ کی شوٹنگ دوبارہ شروع کریں گے۔

واضح رہے کہ ہدایت کار سدھارتھ آنند کی فلم ‘کنگ’ میں شاہ رخ خان مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں جو اگلے سال ریلیز کے لیے شیڈول ہے۔ فلم کی کاسٹ میں دیپیکا پڈوکون، ابھیشیک بچن، رانی مکھرجی، انیل کپور، فہیم فضلی، ابو حمزہ، جیدیپ اہلوت، رگھو جوئیل، جیکی شروف، سوربھ شکلا، ارشد وارثی، سحان اور ابھے ورما شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp