وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سیف سٹی ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور آن لائن ویمن پولیس اسٹیشن اور ’ون انفو‘ موبائل ایپلیکیشن کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے آئی جی اسلام آباد اور ان کی ٹیم کی جانب سے کیے گئے نئے اقدامات کو سراہا۔
محسن نقوی نے ڈیجیٹل وال پر شہر کی نگرانی کے عمل کا جائزہ لیا اور ایمرجنسی شکایات کے اندراج کے لیے تیار کی گئی موبائل ایپ کو عوامی ریلیف کے لیے مفید قرار دیا۔ انہوں نے سیف سٹی کے آن لائن پلیٹ فارمز کو مزید فعال بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت (AI) سے مانیٹرنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے۔
مزید پڑھیں: ’بلوچستان میں دہشتگرد ایک ایس ایچ او کی مار‘ محسن نقوی نے وہ تذکرہ پھر چھیڑ دیا
آئی جی اسلام آباد نے بریفنگ میں بتایا کہ دارالحکومت کو 3100 سے زائد کیمروں کے ذریعے مانیٹر کیا جا رہا ہے اور سسٹم میں مزید کیمرے نصب کیے جائیں گے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیف سٹی نے سردار فہیم قتل کیس سمیت متعدد ہائی پروفائل مقدمات میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
وزیر داخلہ نے سیف سٹی ٹیم کے جذبے اور کارکردگی کو سراہتے ہوئے سسٹم کو دیگر صوبوں کے سیف سٹیز سے منسلک کرنے اور ڈیٹا شیئرنگ کو مؤثر بنانے کی بھی ہدایت جاری کی۔