پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیمیں آج شیرِ بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں 3 ٹی20 میچز کی سیریز کا آغاز کریں گی۔ سیریز کے بقیہ میچز 22 اور 24 جولائی کو اسی میدان پر ہوں گے، جو شام 6 بجے بنگلہ دیشی وقت کے مطابق شروع ہوں گے۔
پاکستانی ٹیم کی قیادت آل راؤنڈر سلمان علی آغا کر رہے ہیں، جنہوں نے میچ سے قبل گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے کھیلنے کا انداز بدلا ہے اور کنڈیشنز کے مطابق حکمتِ عملی ترتیب دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حالات اجازت دیں تو جارحانہ کرکٹ کھیلیں گے، بصورتِ دیگر صورتحال کے مطابق خود کو ڈھالیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی میں تربیتی کیمپ کے دوران میچ جیسی صورتحال پیدا کرکے کھلاڑیوں کو حقیقی دباؤ میں آزمایا گیا، جبکہ ڈھاکہ پہنچ کر بھی بھرپور ٹریننگ کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: پاک بنگلہ دیش ٹیسٹ سیریز: سستے ٹکٹ کہاں سے کیسے مل سکتے ہیں؟
پاکستان اسکواڈ
سلمان علی آغا (کپتان)، فخر زمان، صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، محمد حارث (وکٹ کیپر)، حسن نواز، حسین طلعت، خوشدل شاہ، محمد نواز، عباس آفریدی، فہیم اشرف، سفیان مقیم، ابرار احمد، احمد دانیال اور سلمان مرزا۔ (احمد دانیال اور سلمان مرزا کو پہلی بار قومی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے)
بنگلہ دیش اسکواڈ
لٹن داس (کپتان و وکٹ کیپر بیٹر)، جاکر علی، مہدی حسن، مہدی حسن مرزا، محمد نعیم، محمد سیف الدین، مستفیض الرحمان، نسوم احمد، پرویز حسین ایمون، رشاد حسین، شمیم حسین، شرف الاسلام، تنزید حسن، تنزیم حسن سقیب، تسکین احمد اور توہید ہردوئے شامل ہیں۔

سلمان آغا کی قیادت میں یہ پاکستان کی چوتھی ٹی20 سیریز ہو گی۔ ان کی قیادت میں پاکستان نے زمبابوے کو 1-2 سے اور بنگلہ دیش کو 0-3 سے شکست دی، جبکہ نیوزی لینڈ کے خلاف 4-1 سے ناکامی ہوئی۔ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کے لیے یہ بطور وائٹ بال کوچ دوسری سیریز ہے۔
مزید پڑھٰیں: پاک بنگلہ دیش ٹی20 سیریز سے قبل قومی کھلاڑیوں کی پریکٹس
اب تک پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 22 ٹی20 میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں پاکستان نے 19 میں فتح حاصل کی ہے۔ بنگلہ دیش میں پاکستان کا ریکارڈ بھی شاندار ہے، جہاں کھیلے گئے تمام 5 دو طرفہ میچز میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی۔

بنگلہ دیش کی قیادت تجربہ کار بلے باز لٹن داس کریں گے۔ حالیہ کارکردگی میں بنگلہ دیش نے سری لنکا کو اس کی سرزمین پر ٹی20 سیریز میں 1-2 سے شکست دی ہے، جس سے ان کا اعتماد بلند ہوا ہے۔
یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان آخری سیریز رواں سال مئی جون میں پاکستان میں کھیلی گئی تھی جس میں پاکستان نے 0-3 سے کلین سوئپ کیا تھا۔














