اداکارہ حمیرا اصغر کی کیمیکل رپورٹ کے مطابق ان کے جسم سے لیے گئے بال، جگر اور پھیپھڑوں کے نمونوں میں کوئی نشہ آور یا زہریلا مادہ نہیں پایا گیا۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کا کہنا ہے کہ رپورٹ مختلف تفتیشی اداروں کو بھیج دی گئی ہے، جبکہ اداکارہ کی موت کے محرکات جاننے کے لیے مختلف زاویوں سے تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس نے حمیرا اصغر کے فلیٹ سے متعدد اشیا بھی تحویل میں لے رکھی ہیں۔
مزید پڑھیں: قتل یا طبعی موت؟ حمیرا اصغر کی موت کی گتھیاں سلجھنے لگیں
خیال رہے کہ حمیرا اصغر کی لاش 8 جولائی کو اتحاد کمرشل کے ایک فلیٹ سے اس وقت ملی جب کرائے کی عدم ادائیگی پر مالک مکان کے عدالت پہنچنے پر عدالتی بیلف ان کے گھر پہنچا اور فلیٹ کا دروازہ نہ کھولنے پر دروازہ توڑا گیا تو اداکارہ کی لاش برآمد ہوئی۔
لاش کے پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لاش ڈی کمپوز کے آخری اسٹیج پر ہے جسے دیکھ کر اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ اداکارہ کی موت قریباً 8 ماہ پرانی ہے۔













