خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا

اتوار 20 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر منتخب ہوکر آنے والے ارکان اسمبلی نے حلف اٹھا لیا۔

حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں ہوئی، جہاں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے مخصوص نشستوں پر منتخب 25 ارکان اسمبلی سے حلف لیا۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور ہائیکورٹ کا گورنر خیبرپختونخوا کو مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین سے حلف لینے کا حکم

تقریب حلف برداری میں وفاقی وزیر سیفران انجینیئر امیر مقام، خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباداللہ سمیت اپوزیشن جماعتوں کے اراکین اسمبلی نے شرکت کی۔

واضح رہے کہ یہ حلف آئین پاکستان کے آرٹیکل 65 اور آرٹیکل 255(2) کے تحت اور خیبرپختونخوا پروسیجر اینڈ کنڈکٹ آف بزنس رولز 1988 کے رول 6 کے مطابق لیا گیا۔

واضح رہے کہ پشاور ہائیکورٹ نے مخصوص نشستوں پر منتخب ہوکر آنے والے ارکان اسمبلی سے حلف کے لیے گورنر خیبرپختونخوا کو نامزد کیا تھا۔

قبل ازیں الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ گورنر خیبر پختونخوا کل صبح 9 بجے مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان اسمبلی سے حلف لیں گے، تاہم بعد میں شیڈول میں تبدیلی کردی گئی۔

خیال رہے کہ آج خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان کی حلف برداری ہونا تھی، تاہم پاکستان تحریک انصاف کے رکن شیر علی آفریدی نے کورم کی کمی کی نشاندہی کردی، جس کے باعث اسمبلی اجلاس کو 24 جولائی تک ملتوی کر دیا گیا۔

اجلاس کے ملتوی ہونے سے سینیٹ انتخابات کا عمل بھی تعطل کا شکار ہو گیا، جس پر اپوزیشن جماعتوں کے ارکان نے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کیا اور عدالت سے استدعا کی کہ مخصوص نشستوں پر نامزد ارکان کی حلف برداری کے لیے کسی مجاز شخصیت کو مقرر کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا:حلف میں رکاوٹ ہوئی تو متبادل راستے موجود ہیں، ڈاکٹر عباد

پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے اپوزیشن کی درخواست منظور کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو حلف لینے کا اختیار دیا تھا، جس کے بعد فیصل کریم کنڈی نے عدالتی احکامات پر مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان اسمبلی سے حلف لیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp