ایڈونچر فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام 21ویں نیشنل چلڈرن ماؤنٹین کنزرویشن میٹ کا کامیاب اختتام اسلام آباد میں ہوگیا۔ کیمپ خیبرپختونخوا کی حسین وادی سیرن میں منعقد ہوا، جس میں ملک بھر سے 100 سے زیادہ بچوں اور عملے نے حصہ لیا۔
تقریب کی مہمانِ خصوصی اٹلی کی سفیر مارلینا آرمیلن تھیں، جنہوں نے بچوں کی جانب سے پیش کی گئی ماحولیاتی پٹیشن کو سراہا۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان پہاڑوں اور گلیشیئرز پر تحقیق و تحفظ میں ایک صدی سے زیادہ پرانا تعاون جاری ہے، جس کا آغاز 1909 کے کے ٹو مشن سے ہوا تھا۔
مارگلہ ہوٹل اسلام آباد میں منعقدہ ’چلڈرن ماؤنٹین فورم‘ میں نوجوانوں نے موسمیاتی تبدیلی کے پہاڑی ماحولیاتی نظام پر اثرات کے موضوع پر پریزنٹیشنز پیش کیں۔
ایڈونچر فاؤنڈیشن کے صدر علی حسن حبیب اور نیشنل کوآرڈینیٹر آفتاب رانا نے پروگرام کی اہمیت اور کامیابی پر روشنی ڈالی۔
یہ منفرد تعلیمی پروگرام نوجوانوں میں ماحولیاتی شعور بیدار کرنے، پہاڑی علاقوں سے محبت اور فطرت کے ساتھ تعلق کو مضبوط بنانے کے لیے ہر سال منعقد کیا جاتا ہے۔ اب تک 21 میٹس کے ذریعے 2,500 سے زیادہ بچے تربیت حاصل کر چکے ہیں۔