حالیہ مون سون بارشوں کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 13 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد 26 جون سے 20 جولائی تک ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 216 ہو گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: محکمہ موسمیات کی 25 جولائی تک مزید بارشوں کی پیشگوئی، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق ان 13 ہلاکتوں میں سے 12 پنجاب میں اور ایک خیبرپختونخوا میں ہوئی، جاں بحق ہونے والوں میں 4 بچے اور 3 خواتین شامل ہیں۔
ادارے کے اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ اموات پنجاب میں رپورٹ ہوئیں، جہاں 135 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ خیبرپختونخوا میں 42، سندھ میں 21، بلوچستان میں 16 جبکہ اسلام آباد اور آزاد کشمیر میں ایک، ایک ہلاکت سامنے آئی ہے۔
اب تک جاں بحق افراد میں 75 مرد، 40 خواتین اور 101 بچے شامل ہیں۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 20 افراد زخمی ہوئے، جس سے زخمیوں کی مجموعی تعداد 582 ہو گئی۔ حالیہ زخمیوں میں 16 کا تعلق پنجاب، 3 کا گلگت بلتستان اور ایک کا آزاد جموں و کشمیر سے ہے۔ زخمی افراد میں 227 مرد، 163 خواتین اور 192 بچے شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں گرمی اور حبس برقرار، کئی علاقوں میں بارش کی پیشگوئی، محکمہ موسمیات
این ڈی ایم اے کے مطابق زیادہ تر اموات اور زخمی ہونے کے واقعات گھروں کے منہدم ہونے، سیلاب، آسمانی بجلی گرنے، لینڈ سلائیڈنگ اور ڈوبنے کی وجہ سے پیش آئے۔ اس دوران 779 مکانات تباہ ہوئے جبکہ 195 جانور بھی ہلاک ہو چکے ہیں۔