اسحاق ڈار اقوام متحدہ کے اجلاسوں میں شرکت کے لیے نیویارک پہنچ گئے

پیر 21 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اپنے 8  روزہ سرکاری دورے پر نیویارک پہنچ گئے ہیں، جہاں ان کا استقبال اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد اور امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے کیا۔

دفتر خارجہ کے ایک اعلامیے کے مطابق اپنے دورے کے دوران اسحاق ڈار اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت کے تحت پاکستان کی میزبانی میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاسوں کی قیادت کریں گے، اس کے علاوہ وہ نیویارک اور واشنگٹن ڈی سی میں دو طرفہ اور کثیر الجہتی ملاقاتیں بھی کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت غیر ملکی سرمایہ کاری سے متعلق کمیٹی کا اجلاس

21 سے 28 جولائی تک جاری رہنے والے اس دورے کے دوران ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ دو ریاستی حل سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس میں بھی پاکستان کی نمائندگی کریں گے، جس کی میزبانی سعودی عرب اور فرانس مشترکہ طور پر کر رہے ہیں۔

پاکستان رواں ماہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالے ہوئے ہے، جو ہر رکن ملک کو باری باری ملتی ہے، اس دوران متعلقہ ملک کو عالمی امن و سلامتی سے متعلق اہم امور پر بحث کے لیے اجلاسوں کی قیادت اور ایجنڈے کی تشکیل کا اختیار حاصل ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں:ازبکستان، افغانستان اور پاکستان ریلوے پروجیکٹ پر دستخط، اسحاق ڈار کی قوم کو مبارکباد

پاکستان اس موقع کو عالمی سطح پر اپنی خارجہ پالیسی کے اہم نکات اجاگر کرنے، بالخصوص مسئلہ فلسطین، مسئلہ کشمیر، اور عالمی سطح پر امن کے قیام سے متعلق اپنی ترجیحات اجاگر کرنے کے لیے استعمال کر رہا ہے۔

اس تناظر میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا یہ دورہ نہایت اہمیت کا حامل ہے، جو پاکستان کے فعال سفارتی کردار کی عکاسی کرتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp