محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کے روز ملک کے مختلف حصوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے، جبکہ بعض علاقوں میں موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔
بالائی خیبر پختونخواہ، کشمیر، گلگت بلتستان، خطہ پوٹھوہار، شمال مشرقی پنجاب، اسلام آباد، شمال مشرقی و جنوبی بلوچستان اور جنوبی سندھ کے کچھ علاقوں میں بارش متوقع ہے۔ ان علاقوں میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، جہاں دن کے وقت بارش اور رات کے وقت تیز موسلادھار بارش متوقع ہے۔ پنجاب کے مختلف شہروں، جیسے لاہور، راولپنڈی، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، چکوال، اٹک، گجرات، جہلم اور دیگر مقامات پر بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: مون سون بارشیں: 24 گھنٹوں میں مزید 13 اموات، مجموعی ہلاکتیں 216 تک جا پہنچیں
خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں چترال، سوات، مانسہرہ، پشاور، مردان سمیت کئی اضلاع میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
بلوچستان کے اضلاع بارکھان، کوہلو، سبی، ژوب، کوئٹہ، خضدار اور دیگر میں بھی بارش کا امکان ہے، جبکہ سندھ کے مختلف علاقوں جیسے کراچی، لاڑکانہ، سکھر، بدین اور میرپورخاص میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سندھ، سیالکوٹ اور لسبیلہ میں بارش ہوئی، جہاں موہنجو دڑو میں سب سے زیادہ 86 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ سب سے زیادہ درجہ حرارت نوکنڈی اور دالبندین میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ چلاس میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔