مشہور میزبان و اداکار اور ریڈیو جوکی ساحر لودھی اپنی ویڈیوز کی وجہ سے ایک بار پھر سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کا نشانہ بن گئے ہیں۔
ساحر لودھی اور اُن کی ٹیم کی جانب سے سوشل میڈیا پر ان کی روزمرہ روٹین کی ویڈیوز پوسٹ کی جاتی ہیں جن میں ساحر لودھی خود کو مصروف رکھنے کی ایکٹنگ کرتے نظر آتے ہیں اور کسی میٹنگ میں جانے کی باتیں کرتے ہیں یا تیاری کرتے نظر آ رہے ہوتے ہیں۔
ان کی ہر ویڈیو میں کمیرہ مین دروازہ کھول کر اندر آتا ہے جس پر وہ پہلے تو اکتاہٹ کا اظہار کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ تم پھر آ گئے اور پھر کام کی تفصیلات بھی بتاتے ہیں۔ ان کی ایسی ویڈیوز پر جہاں سوشل میڈیا صارفین ان کا مذاق بناتے نظر آتے ہیں وہیں اداکاروں نے بھی ویڈیوز بنا کر انہیں خوب ٹرول کیا۔
View this post on Instagram
سب سے پہلے یاسر نواز نے ساحر لودھی کے جیسی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپلوڈ کی جس کے بعد دیگر فنکاروں نے بھی ساحر لودھی کے انداز کی نقل کرتے ہوئے ویڈیوز بنانا شروع کر دیں جس میں فیصل قریشی، اعجاز اسلم اور تابش ہاشمی بھی شامل ہیں۔
View this post on Instagram
تاہم اداکارہ مہوش حیات کو ساحر لودھی کی یہ نقالی ویڈیوز پسند نہیں آئیں اور انہوں نے کہا کہ کسی کا یوں مذاق اڑانا مناسب نہیں ہے خاص طور پر جو محنت اور جذبے سے انڈسٹری میں اپنی جگہ بنائے ہوئے ہیں۔
مہوش حیات نے کہا کہ آپ کسی کے انداز کو ناپسند کر سکتے ہیں، لیکن اس انسان کی عزت ہمیشہ برقرار رہنی چاہیے، ساتھ ہی انہوں نے سب کو شائستگی اختیار کرنے کا مشورہ بھی دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چاہے ہمیں کسی کا انداز یا انتخاب پسند ہو یا نہ ہو، اور یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ وہ بھی ہماری طرح ایک انسان ہیں۔
View this post on Instagram
اداکارہ نے مزید لکھا کہ ساحر لودھی نے مستقل مزاجی سے کام کیا، جذبے کے ساتھ آگے بڑھے اور ایک ایسی انڈسٹری میں اپنا نام بنایا جوکہ بالکل آسان نہیں، یہ واقعی ناانصافی ہے کہ کچھ لوگ ان کا مذاق اُڑا رہے ہیں اور یہ بھول جاتے ہیں کہ وہ بھی ایک انسان ہیں بالکل ہماری طرح جو جذبات رکھتے ہیں۔
مہوش حیات کے تبصرے پر صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے گئے، کئی صارفین ان کی بات سے متفق نظر آئے جبکہ چند صارفین کا کہنا تھا کہ ساحر لودھی خود وائرل ہوئنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اسامہ فاروق لکھتے ہیں کہ ساحر لودھی بھی شاہ رخ خان کو کاپی کرنا بند کریں۔