ڈھاکا: بنگلادیش ایئرفورس کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ، متعدد اموات اور 100 سے زائد زخمی

پیر 21 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بنگلادیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں ایئر فورس کا ایک تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں کم از کم ایک شخص جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے جبکہ متعدد عمارتیں متاثر بھی ہوئی ہیں جس کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: راجستھان میں بھارتی فضائیہ کا جگوار طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ سمیت 2 افراد ہلاک

بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق بنگلادیشی ایئرفورس کا ایف-7 بی جی آئی (F-7 BGI) تربیتی طیارہ پیر کے روز مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجکر 6 منٹ پر پرواز کے کچھ دیر بعد ڈھاکا کے شمالی علاقے اُتّرا میں واقع مائل اسٹون کالج کی عمارت پر گر کر تباہ ہو گیا۔

حادثے کے نتیجے میں کالج کی کینٹین میں آگ بھڑک اٹھی جس سے عمارت کو شدید نقصان پہنچا اور درجنوں طلبہ و عملہ جھلس گئے۔

نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف برن اینڈ پلاسٹک سرجری کے مطابق 50 سے زائد افراد، جن میں بچے بھی شامل ہیں، کو جھلسنے کی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ مجموعی طور پر 100 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔

مزید پڑھیے: المناک فضائی حادثے میں جنوبی کوریا کا مسافر طیارہ تباہ، 124 افراد ہلاک، ویڈیو سامنے آگئی

ابتدائی طور پر مختلف ذرائع سے ہلاکتوں کی متضاد اطلاعات سامنے آئیں۔ بعض میڈیا رپورٹس میں 19 افراد کے جاں بحق ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے تاہم بنگلادیشی فوج کے ترجمان کے مطابق ہلاکتوں کی حتمی تعداد کا تعین تاحال ممکن نہیں ہو سکا ہے۔ ریسکیو اداروں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دی تھیں۔

حادثے کے بعد جاری ہونے والے ایک سرکاری بیان میں بنگلادیش کی عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایئر فورس، طلبہ، والدین، اساتذہ اور دیگر افراد کو اس سانحے میں جو نقصان پہنچا ہے وہ ناقابل تلافی ہے۔

مزید پڑھیں: ایئر انڈیا حادثے میں نیا موڑ: طیارے کے تباہی کی ایک اور وجہ سامنے آگئی

واقعے کی ویڈیوز اور تصاویر میں جائے حادثہ سے آگ اور دھوئیں کے گہرے بادل اٹھتے دکھائی دیے جبکہ لوگ خوف و ہراس کے عالم میں دور سے منظر دیکھتے رہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp