حکومت کی جانب سے بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے سربراہ سردار اختر مینگل پر سفری پابندی کے مبینہ غیر قانونی اقدام کے خلاف بلوچستان ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کردی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: سردار اختر مینگل کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا، وجہ کیا بنی؟
یہ آئینی درخواست بی این پی کے مرکزی سینیئر نائب صدر اور بلوچستان ہائیکورٹ بار کے سابق صدر ساجد ترین ایڈووکیٹ نے سردار اختر جان مینگل کی جانب سے دائر کی۔
درخواست میں حکومت کے اس اقدام کو بنیادی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے فوری ریلیف کی استدعا کی گئی ہے۔
پٹیشن دائر کرتے وقت ساجد ترین ایڈووکیٹ کے ہمراہ دیگر سینیئر وکلا اور رہنما بھی موجود تھے، جن میں بی این پی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات آغا حسن بلوچ ایڈووکیٹ، بلوچستان بار کونسل کے وائس چیئرمین راہب بلیدی ایڈووکیٹ، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے وکلا فورم کے سیکریٹری حبیب اللہ ناصر ایڈووکیٹ اور پی ٹی آئی لائرز فورم کے علی حسن بگٹی ایڈووکیٹ شامل تھے۔ ان تمام وکلا نے بھی اپنے وکالت نامے عدالت میں جمع کرائے۔
اس موقع پر بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی قائدین اور وکلا کی بڑی تعداد بھی عدالت میں موجود رہی، جنہوں نے اپنے رہنما کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔
یہ بھی پڑھیں: اس نظام، پارلیمنٹ اور جمہوریت سے مکمل اعتماد اٹھ چکا ہے، سردار اختر مینگل
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایف آئی اے نے اختر مینگل کو بیرون ملک جانے سے روکتے ہوئے انہیں جہاز سے آف لوڈ کردیا تھا۔














