بالی ووڈ کے مشہور اداکار پریش راول جو اکثر اپنے بیانات کی وجہ سے خبروں میں رہتے ہیں، حال ہی میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ گھٹنے کی چوٹ کو ٹھیک کرنے کے لیے اپنا پیشاب پیا اور ایسا کرنے سے وہ ٹھیک ہوگئے۔
سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا کرنے کے بعد اداکار نے طنزیہ انداز میں ٹرولز کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے انہیں (پیشاب) پیش تو نہیں کیا، یا ان کو یہ مسئلہ اس لیے ہے کہ میں نے انہیں پیش نہیں کیا؟ کیا وہ سوچ رہے ہیں، یار یہ اکیلے پی گئے اور ہمیں نہیں دیا؟
انہوں نے مزید کہا یہ میری زندگی کا واقعہ ہے جو 40 سال پہلے ہوا۔ میں نے بس بتا دیا۔ اس میں ایسا کیا ہو گیا؟ لوگوں کو تو چھوٹی بات کو بڑا بنانے میں مزہ آتا ہے۔ کرنے دو ان کو مزہ۔
یہ بھی پڑھیں: ’تمام معاملات طے‘، ہیرا پھیری 3 میں واپسی کے لیے پریش راول کیسے راضی ہوئے؟
جب اداکار سے پوچھا گیا کہ کیا ان کے بیان کے بعد کوئی ایسا شخص جسے پیشاب پینے سے فائدہ ہوا ہو یا ان سے رابطے میں آیا؟ تو پریش راول نے بتایا بہت لوگوں نے رابطہ کیا، لیکن میں اس بارے میں زیادہ بات نہیں کرنا چاہتا۔
واضح رہے کہ اپریل میں پریش راول نے انکشاف کیا تھا کہ انہیں ایک سین کی شوٹنگ کے دوران راکیش پانڈے کے ساتھ ایک منظر کرتے ہوئے ٹانگ میں چوٹ لگ گئی تھی۔ اس کے بعد انہیں ناناوتی اسپتال (ممبئی) پہنچایا۔ پریش راول کے مطابق وہ اس وقت ’ڈر‘ گئے تھے اور انہیں لگا کہ ان کا کیریئر ختم ہو چکا ہے۔ اس دوران مشہور ایکشن ڈائریکٹر ویرو دیوگن اسپتال میں ان سے ملنے آئے اور انہیں صبح کے وقت اپنا پیشاب پینے کا مشورہ دیا تاکہ زخم جلدی ٹھیک ہو سکے۔
یہ بھی پڑھیں: فلم ہیرا پھیری میں بابو راؤ کا کردار ’گلے کا پھندا‘ ہے، پریش راول نے ایسا کیوں کہا؟
پریش راول کے مطابق ویرو دیوگن جب ناناوتی اسپتال میں میرے پاس آئے تو انہوں نے مجھ سے پوچھا کہ کیا ہوا؟ میں نے اپنی چوٹ کے بارے میں بتایا۔ تب انہوں نے مجھے مشورہ دیا کہ صبح کے وقت اپنا پیشاب پیو۔ تمام فائٹرز ایسا کرتے ہیں۔ تمہیں کبھی کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔ صرف صبح کے وقت پیشاب پی لینا۔ انہوں نے کہا کہ شراب، مٹن یا تمباکو نہ لو، جو میں پہلے ہی چھوڑ چکا تھا۔ بس سادہ کھانا کھاؤ اور صبح کے وقت پیشاب پیو۔
پاریش راول نے مزید کہا میں نے بیئر کی طرح گھونٹ گھونٹ لے کر پیا، کیونکہ جب کچھ کرنا ہے تو پوری طرح کرو۔ میں نے یہ 15 دن کیا، اور جب ایکسرے کی رپورٹ آئی تو ڈاکٹر حیران رہ گئے۔
ڈاکٹر کو ایکسرے میں ایک سفید تہہ نظر آئی، جس سے ظاہر ہوا کہ زخم بھر چکا ہے۔ عام طور پر جس چوٹ کو ٹھیک ہونے میں 2 سے 2.5 ماہ لگتے، وہ ایک ڈیڑھ ماہ میں ٹھیک ہو گئی۔