پنجاب میں منشیات کے خلاف بڑی پیش رفت، کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کا قیام

منگل 22 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب میں منشیات کے خاتمے کے لیے ایک اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ لاہور میں منعقدہ تقریب میں پنجاب کی پہلی کاؤنٹر نارکوٹکس فورس یعنی سی این ایف کا باضابطہ افتتاح کیا۔

وزیراعلیٰ کو فورس کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئر مظہر اقبال نے بریفنگ دی، جس میں بتایا گیا کہ فورس کے پہلے مرحلے میں پنجاب کے تمام ڈویژنز میں اسٹیشنز اور ریجنل ڈائریکٹوریٹس قائم کیے جا چکے ہیں جبکہ دوسرے مرحلے میں دائرہ کار کو ضلعی سطح تک وسعت دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: غربت کا خاتمہ اولین ترجیح، آئی ٹی کے فروغ پر توجہ دی جارہی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز

بریگیڈیئر مظہر اقبال کے مطابق سی این ایف کو جدید ہتھیار، ٹیکنالوجی، اور آپریشنل گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں جبکہ راولپنڈی میں واقع اے این ایف اکیڈمی سے 12 ہفتے کی پیشہ ورانہ تربیت بھی دی گئی ہے۔ فورس کے لیے 2.33 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں اور اس کا دائرہ عمل جیلوں اور تعلیمی اداروں میں منشیات کے خاتمے تک پھیلایا جائے گا۔

اس موقع پر سی این ایف کے جوانوں اور افسران نے وزیراعلیٰ کو جنرل سلامی پیش کی اور حلف اٹھایا، مریم نواز شریف نے فورس کے جوانوں کی تربیت، نظم و ضبط اور جذبے کو سراہا اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں میں انعامات تقسیم کیے۔

مزید پڑھیں: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا فری سولر منصوبے کا افتتاح، کن لوگوں کو مفت سولر ملیں گے؟

وزیراعلیٰ مریم نواز نے فورس کے خواتین دستے کے مارچ پاسٹ کو سراہتے ہوئے کہا کہ سی این ایف کی صورت میں پنجاب کا مستقبل محفوظ نظر آ رہا ہے، تقریب میں ملی نغمے، مارچ پاسٹ، اور گروپ فوٹو کے ذریعے ایک ولولہ انگیز ماحول دیکھنے کو ملا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp