عالمی شہرت یافتہ اسلامک اسکالر مولانا طارق جمیل نے عمران خان کی حمایت پر مبنی تقریر کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی ویڈیو کو پرانی آڈیو کے ساتھ شیئر کیا جا رہا ہے۔
مولانا طارق جمیل نے سماجی رابطوں کی سائیٹ ایکس پر ایک وضاحتی بیان جاری کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ میری ملائیشیا کی مسجد میں کی گئی تقریر کو سوشل میڈیا پر پرانی آڈیو کے ساتھ شیئر کیا جا رہا ہے، جس میں تالیوں کی آواز اور سیاسی مفہوم شامل کر کے ویڈیو کا اصل پیغام بدل دیا گیا ہے۔
میری ملائیشیا کی مسجد میں کی گئی تقریر کو سوشل میڈیا پر پرانی آڈیو کے ساتھ شیئر کیا جا رہا ہے، جس میں تالیوں کی آواز اور سیاسی مفہوم شامل کر کے ویڈیو کا اصل پیغام بدل دیا گیا ہے۔
یہ عمل درست نہیں، نہ ہی دیانت داری کے تقاضوں کے مطابق ہے۔
ملائیشیا کے بیان کے ترجمان نے بھی اس کی…— Tariq Jamil (@TariqJamilOFCL) July 22, 2025
ان کا کہنا تھا کہ یہ عمل درست نہیں ہے اور نہ ہی دیانت داری کے تقاضوں کے مطابق ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے ایک لنک بھی شیئر کیا جس میں ملائشیا کے ترجمان کی ویڈیو تھی جس میں ترجمان کا کہنا تھا کہ میں مولانا طارق جمیل کا مترجم تھا انہوں نے ادھر عمران خان کے بارے میں ایک لفظ بھی نہیں بولا۔ یہ ویڈیو جھوٹ اور فتنے پر مبنی ہے۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر مولانا طارق جمیل کی ایک ویڈیو گردش کر رہی تھی جو عمران خان کی حمایت پر مبنی تھی جس میں ان کو یہ کہتے دکھایا جا رہا تھا کہ آپ سب عمران خان کے لیے دعا کریں اللہ نے ہمیں بہترین لیڈر دیا ہے۔ میرا ان کے ساتھ بہت قرب ہے۔ اتنا درویش، سچا، کھرا اور دین کا درد رکھنے والا حکمران میں نے نہیں دیکھا۔