عمران خان اور آرمی چیف ایک کمرے میں بند ہوکر غلط فہمیاں دور کرلیں،اسد عمر

منگل 9 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ عمران خان اور آرمی چیف کو ایک کمرے میں بند ہوکر، ون آن ون بیٹھ کرغلط فہمیاں دور کرنی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کمرے میں کوئی اور نہ ہو، دروازہ بند کر دیں اور پھر دونوں گلے شکوہ کر لیں۔

ایک نجی ٹیلی ویژن چینل کے پروگرام میں اسد عمر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ آصف زرداری نے بطور صدر کہا تھا کہ ہم آپ کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے، آپ ہوتے کون ہیں ہماری طرف دیکھنے والے؟ وزیراعظم شہباز شریف کے بھائی اور ان کی بھتیجی چیف آف آرمی اسٹاف  اور ڈی جی آئی ایس آئی کے بارے میں کیا کچھ نہیں کہتی رہیں۔

اسد عمر نے کہا کہ عمران خان کا بیان، سیاسی بیان کے علاوہ کچھ بھی نہیں ہے، اداروں کے ساتھ ٹکراؤ نہیں ہے تاہم  حاضر سروس فوجی افسر جنرل فیصل نصیر کے بارے میں عمران خان نے اپنے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اس میں ادارے پرنہیں،ایک شخص کے بارے میں، اس کے کردار پرسوالات اٹھائے ہیں۔

انہوں نے کہا میری ذاتی رائے یہ ہے  کہ عمران خان پاکستان کے مقبول ترین سیاسی لیڈر ہی، وہ عوامی مقبولیت کے اس عروج پر ہیں جو پاکستانی  سیاست میں قائد اعظم کے بعد نہیں دیکھا گیا۔

اسد عمر نے مزید کہا’ میں یہ کہتا ہوں کہ عمران خان اور آرمی چیف کو ایک کمرے میں ون آن ون بیٹھ کر غلط فہمیاں دور کرنی چاہئیں۔ اس وقت اور کوئی بھی نہ ہو، وہ  دروازہ بند کر دیں اور  جو تحفظات عمران خان کے دماغ میں ہیں وہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کھلے دل سے سن لیں، اور اگر جنرل عاصم منیر کے دماغ میں کوئی تحفظات ہیں، وہ عمران خان کے سامنے کر لیں۔

اینکر کے ایک دوسرے سوال کے جواب میں اسد عمر نے کہا کہ ہوسکتا ہے جو خبریں جنرل عاصم منیر کے پاس پہنچائی جارہی ہیں، وہ سچی نہ ہوں، وہ حقیقت پر مبنی نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ  میری ذاتی رائے ہے کہ وہ آمنے سامنے بیٹھ کر بات کریں، یہ میری ذاتی رائے ہے، پارٹی کا موقف نہیں ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp