سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے دیرینہ دوست اور مشہور ریسلر ہلک ہوگن کی وفات پر گہرے دکھ اور خراجِ عقیدت کا اظہار کیا ہے۔
ہلک ہوگن کی موت 71 برس کی عمر میں جمعرات کے روز ہوئی، جس کی تصدیق WWE نے کی۔
ٹرمپ نے Truth Social پر جاری کردہ بیان میں لکھا:
’ہم نے آج ایک عظیم دوست کھو دیا ، ہلک ہسٹر (Hulkster)! وہ مکمل طور پر MAGA (Make America Great Again) کا نمائندہ تھا، مضبوط، سخت، ذہین، مگر سب سے بڑھ کر ایک عظیم دل رکھنے والا انسان۔
یہ بھی پڑھیں:معروف ریسلر ہلک ہوگن 71 سال کی عمر میں چل بسے
ٹرمپ نے یاد دلایا کہ 2024 کی صدارتی مہم کے دوران ہلک ہوگن نے ری پبلکن نیشنل کنونشن میں ایک انتہائی پرجوش اور یادگار تقریر کی تھی جسے ٹرمپ نے ’پورے ہفتے کا سب سے روشن لمحہ‘ قرار دیا تھا۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ دنیا بھر کے مداحوں کو محظوظ کرتا رہا اور اس کا ثقافتی اثر بے پناہ تھا۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ ہم اس کی اہلیہ اسکائی اور خاندان کے لیے نیک تمناؤں اور محبت کا پیغام دیتے ہیں۔ ہلک ہوگن بہت یاد آئے گا۔
دوستی کا سفر: ٹرمپ پلازہ سے مدیسن اسکوائر گارڈن تک
ہلک ہوگن، جن کا اصل نام ٹری جین بولیا (Terry Gene Bollea) تھا، ٹرمپ کے ساتھ 1988 میں WrestleMania IV کے دوران سے جڑے ہوئے تھے، جب انہوں نے ٹرمپ پلازہ میں ہونے والے ایونٹ میں آندرے دی جائنٹ کو شکست دی۔
2024 میں مدیسن اسکوائر گارڈن میں ٹرمپ کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ہلک ہوگن نے کہا تھا:
’مجھے یاد ہے جب میں نے خون میں لت پت ہو کر ڈونلڈ ٹرمپ کے سامنے ورلڈ ٹائٹل جیتا تھا اور اب جب وہ دوبارہ جیتیں گے تو ہم سب ایک بار پھر چیمپئن ہوں گے‘۔
ریسلنگ کا عالمی ستارہ
ہوگن پیشہ ورانہ ریسلنگ کے اولین عالمی ستاروں میں شامل تھے۔ وہ 12 بار کے ورلڈ چیمپئن اور WWE ہال آف فیم میں دو بار شامل کیے گئے۔
انہوں نے پہلے 9 میں سے 8 WrestleManias میں مرکزی کردار ادا کیا اور WWE کو 1980 کی دہائی میں عالمی شہرت دلوائی۔
WWE نے ایک بیان میں کہا کہ:
’ WWE ہال آف فیم کے رکن ہلک ہوگن کی وفات کی خبر سے ہمیں افسوس ہوا ہے۔ وہ پاپ کلچر کی نمایاں ترین شخصیات میں سے ایک تھے۔ ہم ان کے اہلِ خانہ، دوستوں اور مداحوں سے تعزیت کرتے ہیں‘۔
آخری ایام اور تنازعات
اپنی زندگی کے آخری مہینوں میں بھی ہوگن نے ٹرمپ کی حمایت جاری رکھی۔
جنوری میں یومِ حلف برداری کے موقع پر انہوں نے ٹرمپ کے ساتھ ایک تصویر انسٹاگرام پر شیئر کی اور اپنے ’ Real American Beer ‘ برانڈ کا پرومو کیا، ساتھ میں کیپشن دیا: ’دو حقیقی امریکی لیجنڈز‘
ہوگن کا کیریئر کئی تنازعات سے بھی گھرا رہا، جن میں نسلی تعصب پر مبنی گفتگو کی آڈیو (2015) اور ایک لیک شدہ جنسی ویڈیو (2012) شامل تھیں۔
انہوں نے بعد میں اپنے الفاظ کو ’ناقابلِ قبول‘ قرار دیتے ہوئے معذرت کی تھی۔
اچانک موت
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق، ہلک ہوگن کو فوری دل کا دورہ پڑا، جس کے بعد انہیں فلوریڈا میں ان کے گھر سے اسٹریچر پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔