اسلام آباد میں قتل ہونے والی سوشل میڈیا سیلیبریٹی ثنا یوسف کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
اسلام آباد پولیس نے واقعے کا چالان پروسیکیوشن برانچ میں جمع کردیا ہے، میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے چالان میں عمر حیات کو ثنا یوسف کا قاتل قرار دیا ہے۔
چالان میں مقتولہ ثنا یوسف کی پھوپھی، والدہ اور دیگر اہم گواہان کے بیانات بھی شامل ہیں جبکہ ملزم کا اعترافی بیان بھی چالان کا حصہ بنایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: ثنا یوسف کیس میں اہم پیشرفت، والد کا بیان بھی سامنے آگیا
رپورٹس کے مطابق چالان کا معائنہ پروسیکیوشن افسران کریں گے جس کے بعد اسے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
اس سے قبل گرفتار ملزم عمر حیات عرف ’کاکا‘ نے مجسٹریٹ کے سامنے مبینہ طور پر اعتراف جرم کرلیا تھا۔ ملزم نے بیان دیا تھا کہ اس نے ملاقات سے انکار پر ثنا یوسف کو فائرنگ کرکے قتل کیا۔
یاد رہے کہ 2 جون کو اسلام آباد کے جی-13 میں معروف ٹک ٹاکر ثنا یوسف کو ان کے گھر میں فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا تھا۔ واقعے کے بعد قاتل عمر حیات جائے وقوعہ سے فرار ہو کر فیصل آباد چلا گیا، جہاں پولیس نے تکنیکی بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا۔