شمالی علاقہ جات میں شاہراہوں کی بحالی کا عمل تیز، فیلڈ افسران کی چھٹیاں منسوخ
شمالی علاقہ جات میں شدید بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے باعث بند ہونے والی شاہراہوں کی بحالی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی ہدایت پر نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے حکام دن رات سرگرم ہیں۔
مزید پڑھیں:تھک بابوسر میں سیلابی ریلے میں جان دینے والے فہد اسلام کی قربانی کا بیٹا چشم دید گواہ
این ایچ اے کے مطابق مانسہرہ، ناران، جھل کھنڈ ہائی وے (N-15) اور جگلوٹ تا سکردو روٹ پر لینڈ سلائیڈنگ کے ملبے کو ہٹا دیا گیا ہے، جبکہ مزید پانچ مقامات پر صفائی کا کام جاری ہے۔ ناران سے بابوسر ٹاپ اور چلاس تک راستہ بحال کر دیا گیا ہے۔
سیکرٹری مواصلات علی شیر محسود اور چیئرمین این ایچ اے بحالی کے عمل کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ چیئرمین کے مطابق فیلڈ افسران کی تمام چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں اور ایمرجنسی ریسپانس پلان نافذ کر دیا گیا ہے، جبکہ بھاری مشینری چوبیس گھنٹے کام میں مصروف ہے۔