لاہور بورڈ کے سالانہ امتحانات میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے فیضان رضا نے ننکانہ صاحب کے اعزازی ڈپٹی کمشنر کا چارج سنبھال لیا۔
ضلعی انتظامیہ نے انہیں مکمل سرکاری پروٹوکول کے ساتھ گھر سے ڈی سی آفس پہنچایا۔ اسسٹنٹ کمشنر شاہکوٹ ثناء شرافت اور دیگر افسران نے فیضان رضا کو ان کے گھر سے سرکاری گاڑی میں ڈی سی آفس روانہ کیا جہاں ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو اور دیگر ضلعی افسران نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
یہ بھی پڑھیں:مصر کے بازاروں میں سبزیاں فروخت کرنے والی 89 سالہ خاتون کی کہانی
اعزازی ڈپٹی کمشنر کے طور پر فرائض انجام دیتے ہوئے فیضان رضا نے گورنمنٹ ہائی سکول شاہکوٹ نمبر 1 کا دورہ کیا، اپنے اساتذہ اور طلبہ سے ملاقات کی، اور ڈی سی آفس میں شہریوں کے مسائل بھی سنے۔
بعد ازاں ضلعی افسران نے انہیں مختلف امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر فیضان رضا نے کہا کہ اعزازی ڈپٹی کمشنر بننا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، میں سبزی فروش کا بیٹا ہوں، بہت مشکلات کا سامنا کیا مگر والدین اور اساتذہ نے ہمیشہ حوصلہ دیا۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی حکومت کی جانب سے جو عزت دی گئی، میں ہمیشہ اس کا مان رکھوں گا۔ فیضان رضا نے مزید کہا کہ وہ دن رات محنت کریں گے تاکہ ملک و قوم کا نام روشن کر سکیں اور یہ اعزاز اپنے والدین کے نام کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پیرس اولمپکس: ’شکر کریں پاکستانی تیراک نے آخری پوزیشن حاصل کی، ڈوب نہیں گئے‘
ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے اس موقع پر کہا کہ اگر کوئی طالبعلم ضلع میں پہلی پوزیشن حاصل کرتا تو اس سے بھی زیادہ پروٹوکول دیا جاتا۔
انہوں نے نوجوانوں کو پیغام دیا کہ وہ محنت کریں اور اپنے والدین، اساتذہ اور ملک کا نام فخر سے روشن کریں۔