بھارتی کھلاڑیوں کے خراب رویے کے باوجود شائقین پاکستانی کھلاڑیوں کے دیوانے نکلے، ویڈیو وائرل

جمعرات 31 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے بعد انڈیا چیمپینز نے پاکستان کے ساتھ کھیلنے سے انکار کر دیا ہے۔ ٹورنامنٹ کے منتظمین نے اس فیصلے کی وجہ ’عوامی جذبات‘ کو قرار دیا ہے لیکن دوسری طرف بھارتی شائقین کی کئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں جس میں انہیں پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ تصاویر لیتے اور ہاتھ ملاتے دیکھا گیا۔

حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک بھارتی فین کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی کامران اکمل سے دستانے مانگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جس پر کھلاڑی میدان میں پڑے بیگ سے اپنے دستانے نکالتے ہیں اور وہ بھارتی فین کو دے دیتے ہیں۔

کامران اکمل سے دستانے لینے کے بعد ویڈیو بنانے والا صارف بھارتی فین سے پوچھتا ہے کہ آپ کیسا محسوس کر رہے ہیں جس کے جواب میں وہ کہتا ہے کہ مجھے بہت خوشی ہو رہی ہے، میں کامران اکمل کا بہت بڑا فین ہوں۔

ایک صارف نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا پاکستان کے ساتھ میچ نہیں کھیل رہا اور بھارتی فینز پاکستانی کھلاڑیوں سے گلوز مانگ رہے ہیں۔

ایک ایکس صارف نے پاکستانی کھلاڑیوں کی تعرہف کرتے ہوئے لکھا کہ بھارت کے متعصب کھلاڑیوں اور پاکستان کے کھلاڑیوں میں فرق صاف ظاہر ہے۔

واضح رہے کہ ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز 2025 کے سیمی فائنل میں انڈیا چیمپیئنز کی جانب سے میچ نہ کھیلنے کے فیصلے کے بعد پاکستان چیمپیئنز بغیر کھیلے ہی فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ انڈیا چیمپیئنز نے پاکستان کے خلاف کھیلنے سے انکار کیا ہو وہ گروپ مرحلے میں بھی اسی فیصلے کے تحت میدان میں نہ اُترے تھے۔ اب تمام نگاہیں ہفتہ کو ہونے والے فائنل پر مرکوز ہیں، جہاں پاکستان چیمپیئنز ٹائٹل کے دفاع کے لیے میدان میں اتریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp