اداکارہ اور ٹی وی میزبان ندا یاسر نے حال ہی میں اپنے مارننگ شو میں شادی شدہ زندگی کو خوشگوار بنانے کے حوالے سے دلچسپ گفتگو کی، جس میں انہوں نے شوہروں کو قابو میں رکھنے کا طریقہ بھی بتایا۔
ندا یاسر نے ونیزہ احمد، فیضان شیخ اور ایک ماہر نفسیات کو مدعو کیا، جہاں ازدواجی زندگی کے مسائل، نفسیاتی پہلوؤں اور تعلقات بہتر بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ گفتگو کے دوران ندا نے اس نکتے پر روشنی ڈالی کہ بعض خواتین کس طرح اپنے شوہروں کو بہت اچھے طریقے سے سنبھالتی ہیں، یہاں تک کہ لوگ کہتے ہیں کہ اس کا شوہر تو اس کے کنٹرول میں ہے۔
ندا یاسر کا کہنا تھا کہ ایسی خواتین دراصل اپنے شوہر کی نفسیات کو اچھی طرح سمجھ چکی ہوتی ہیں، اسی لیے ان کے شوہر ان کی تعریفیں کرتے نہیں تھکتے، اور کہتے ہیں کہ میری بیوی کھانا بہت اچھا بناتی ہے اور بچوں کو اچھے سے سنبھالتی ہے۔
ندا یاسر نے ایک مثال دیتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں ایسے لوگ دیکھے ہیں جن کے شوہر بیوی کی تعریفیں کرتے نہیں تھکتے تھے حالانکہ وہ بہت برا اور بد ذائقہ کھانا بناتی تھیں۔ اس تعریف کی وجہ یہ تھی کہ وہ اپنے شوہر کی نفسیات کو جان چکی تھیں۔
ندا یاسر نے خواتین کو مشورہ دیا کہ اگر کسی کو اپنے شوہر کو قابو میں رکھنا ہے تو سب سے پہلے اس کے ذہن اور رویے کو سمجھنا ضروری ہے۔