بھارتی فوج کے سابق افسران نے حکومت اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ آپریشن سندور میں مارے گئے بھارتی فوجیوں کی ہلاکتوں کا باضابطہ اعتراف کریں۔ دہلی میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ریٹائرڈ جرنیلوں اور افسران نے کہا کہ حکومت کی خاموشی نہ صرف سچائی سے فرار ہے بلکہ شہدا کے خاندانوں کی توہین بھی ہے۔
سابق فوجیوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن سندور میں ہمارے 10 جوان مارے گئے جن کی فہرست ہمارے پاس ہے لیکن وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کہہ رہے ہیں کہ کوئی جوان شہید نہیں ہوا۔
یہ بھی پڑھیے: بھارتی پارلیمنٹ میں نام نہاد ’آپریشن سندور‘ پر بحث: پاکستان نے جھوٹے اور اشتعال انگیز بیانات مسترد کردیے
انہوں نے کہا بی جے پی حکومت کی خاموشی اُن خاندانوں کے لیے گہری توہین ہے جنہوں نے اپنے بیٹوں کو بھارت کے دفاع کے لیے قربان کیا۔
پریس کانفرنس میں واضح طور پر کہا گیا کہ آپریشن سندور کے دوران متعدد بھارتی فوجی شہید ہوئے لیکن ان کی قربانیوں کو تسلیم کرنے کے بجائے حکومت نے مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔
سابق فوجیوں نے کہا کہ ان جوانوں کے خاندان سوال پوچھ رہے ہیں کہ آپ نے ان کی شہادت کو قبول کرنے سے کیوں انکار کردیا۔