پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے عمران خان کی رہائی کے لیے خیبر پختونخوا میں 5 اگست کے احتجاج کو حتمی شکل دے دی ہے۔ اس کے تحت صوابی موٹروے انٹرچینج پر بڑا احتجاج کیا جائے گا اور خیبر پختونخوا سے اسلام آباد کی جانب کوئی ریلی نہیں جائے گی۔
پی ٹی آئی کے ایم این اے اور پشاور ریجن کے سینیئر رہنما عاطف خان کے مطابق 5 اگست کو صوبے بھر میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پشاور-اسلام آباد موٹروے کے صوابی انٹرچینج پر مرکزی احتجاج ہوگا جس میں مردان، صوابی اور چارسدہ کے کارکنان اور قائدین شرکت کریں گے۔
یہ بھی پڑھیے: پی ٹی آئی احتجاج: کیا عمران خان کی رہائی کے امکانات بڑھ گئے؟
انہوں نے کہا کہ تینوں اضلاع سے کارکنان ریلیوں کی شکل میں صوبائی انٹرچینج پر پہنچیں گے اور بانی چیئرمین کی رہائی کے لیے پُرامن احتجاج کریں گے۔
پشاور اور نوشہرہ میں احتجاج کہاں ہوگا؟
عاطف خان نے بتایا کہ عمران خان کی رہائی کے لیے تمام اضلاع میں احتجاج ہوگا۔ پشاور اور ضلع خیبر کا مشترکہ احتجاج پشاور میں ہی ہوگا، جبکہ نوشہرہ کے کارکن جی ٹی روڈ پر خیرآباد کے مقام پر جمع ہو کر مظاہرہ کریں گے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ کارکنان متحرک ہیں اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے تحریک جاری رہے گی۔
‘اسلام آباد نہیں جائیں گے’
پی ٹی آئی کے 5 اگست احتجاج کے حوالے سے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ایک اجلاس بھی ہوا، جس میں احتجاج کے حوالے سے پلان کو حتمی شکل دی گئی۔ پی ٹی آئی کے نوجوان رہنما اور صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی نے بتایا کہ 5 اگست کو بانی چیئرمین کی رہائی کے لیے احتجاج کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے اور تمام اضلاع میں احتجاج و مظاہرے ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیے: پی ٹی آئی احتجاج: عمران خان سمیت درجنوں سینیئر رہنماؤں کے خلاف اقدام قتل اوردہشتگردی کا مقدمہ درج
انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی خیبر پختونخوا نے 5 اگست کو اسلام آباد نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے اور احتجاج صرف صوبے میں ہی ہوگا۔
‘پشاور احتجاج کی قیادت وزیراعلیٰ کریں گے’
مینا خان آفریدی نے بتایا کہ پشاور میں بڑا احتجاج ہوگا اور نواحی علاقوں سے بھی کارکنان اس میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور پشاور میں ہی احتجاجی ریلی کی قیادت کریں گے۔ تمام ریلیاں اضلاع کی سطح پر نکالی جائیں گی۔
احتجاج پُرامن ہوگا: اسد قیصر
سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ عمران خان نے 5 اگست سے ملک بھر میں تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: پی ٹی آئی رہنماؤں کو سزائیں، سینیٹ اور قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کی کتنی نشستیں رہ گئی ہیں؟
انہوں نے بتایا کہ صوبائی تنظیم مختلف مقامات پر احتجاج کرے گی۔
‘ہماری تحریک پُرامن ہے اور قانون و آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔’
صوابی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کو 5 اگست کو گرفتار کیا گیا تھا اور اسی دن کو یومِ سیاہ کے طور پر منایا جا رہا ہے۔