عمران خان کی گرفتاری: ملک میں دن بھر کیا ہوتا رہا؟

بدھ 10 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے سبب منگل کا روز پاکستان میں خاصا ہنگامہ خیز ثابت ہوا۔

چیئرمین نیب کی جانب سے جاری کردہ وارنٹ پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتار کیا گیا۔

عمران خان کو نیب راولپنڈی کے دفتر منتقل کردیا گیا۔ پمز اسپتال کی 4 رکنی ٹیم نے عمران خان کا طبی معائنہ کیا۔ گرفتاری کے وقت پولیس اور وکلا کی ہاتھا پائی بھی ہوئی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پی ٹی آئی کارکنان سراپا احتجاج ہوگئے۔ تمام بڑے شہروں میں پرزور احتجاج کیا گیا جس کے دوران جلاؤ گھیراؤ، پتھراؤ اور شاہراہوں کی بندش بھی دیکھنے میں آئی۔ راولپنڈی و لاہور میں اہمیت کے حامل دفاتر و عمارات کے احاطوں میں بھی احتجاج کیا گیا۔

راولپنڈی اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ و دیگر شہروں میں حالات کشیدہ رہے۔ پولیس کے ساتھ تصادم کے واقعات میں کارکنان کی اموات، قانون نافذ کرنے والے اداروں و پی ٹی آئی کے حامیوں کے زخمی ہونے کے واقعات بھی رونما ہوئے۔

اسلام آباد پولیس نے کہا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کے خلاف پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران 5 اہلکار زخمی ہوگئے جب کہ 43 مظاہرین کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے میں 2 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی جب کہ پشاور ضلعی انتظامیہ کے مطابق شہر میں ایک ماہ کے لیے دفعہ 144 کا نفاذ کردیا گیا۔

پنجاب بھر میں محکمہ تعلیم نے بدھ کو اسکولز بند رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔

خیبرپختونخوا میں بھی حکومت کی جانب سے 10 تا 13 مئی تک تعلیمی ادارے بند کردیے گئے۔

برٹش کونسل نے پاکستان بھر میں بدھ کے روز ہونے والے تمام کیمبرج انٹرنیشنل، پیئرسن، یونیورسٹی آف لندن اور آئٹس امتحانات ملتوی کر دیے۔

فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اسلام آباد نے بورڈ کا اندرون اور بیرون ملک 10 مئی کو ہونے والا مطالعہ پاکستان کا پرچہ منسوخ کردیا۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی نے وزارت داخلہ کی ہدایت پر سوشل میڈیا پیلٹ فارمز بند کردیے اور کچھ شہروں میں انٹرنیٹ سروس معطل کرنے کا بھی اعلان کیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی عدالت کے احاطے سے گرفتاری کا نوٹس لیتے ہوئے کیس پر فوری سماعت کی۔ عدالت نے پہلے تو فیصلہ محفوظ کیا اور پھر رات کو چیف جسٹس عامر فاروق نے فیصلہ سناتے ہوئے نیب کی جانب سے کی گئی چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کو قانونی قرار دے دیا۔

عدالت نے عمران خان کو عدالتی احاطے سے گرفتار کرنے پر سیکریٹری داخلہ اور آئی جی اسلام آباد کو توہین عدالت کے نوٹس جاری کیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp