اپنی چھت اپنا گھر کے تحت 50 ہزار افراد کو قرضے کی فراہمی کا سنگِ میل عبور، وزیراعلیٰ مریم نواز کا خطاب

بدھ 6 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ اپنی چھت اپنا گھر پراجیکٹ کے تحت  تقریباً 64 ہزار درخواست دہندگان کو آسان اقساط یا بلا سود قرضے دیے جا چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اپنا گھر اپنی چھت اسکیم: کیا غیر شادی شدہ افراد بھی قرض لے سکتے ہیں؟

وزیراعلیٰ نے لاہور میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 9 ہزار سے زائد گھر مکمل ہو چکے ہیں اور خاندانوں کی رہائش کے لیے تیار ہیں، جبکہ 45 ہزار کے قریب گھر تعمیر کے مراحل میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دوسروں نے صرف وعدے کیے، ہم نے لوگوں کے لیے حقیقی گھر تعمیر کیے ہیں۔ یہ منصوبہ عوام کو آسانی فراہم کرنے اور بااختیار بنانے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ قرضے کسی سیاسی سفارش یا تعصب کے بغیر دیے گئے ہیں اور حکومت کا ارادہ ہے کہ وہ اپنے ہی ریکارڈ کو توڑے۔ انہوں نے کہا کہ یہ 64 ہزار گھر صرف اینٹوں اور گارے سے بنے ڈھانچے نہیں، بلکہ 64 ہزار خاندانوں کی امیدوں، خوابوں اور زندگیوں کی کہانیاں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’اپنی چھت اپنا گھر اسکیم‘ کے تحت قرضوں کی فراہمی کا حجم بڑھا دیا گیا

وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ عوام کی تکلیفوں سے آگاہ ہیں، ہر ماں باپ کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو ایک محفوظ اور پُرسکون چھت مہیا کریں، اور یہی خواب اب حقیقت میں بدل رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگست تک گھروں کی تعداد 75 ہزار تک پہنچے گی، سال کے آخر تک ایک لاکھ خاندانوں کو گھر دیے جائیں گے اور اگلے پانچ سال میں پانچ لاکھ گھر فراہم کیے جائیں گے۔

مریم نواز نے اس تاثر کو رد کیا کہ حکومت صرف لاہور پر توجہ دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنا گھر اسکیم پورے پنجاب میں جاری ہے اور اس سے ہزاروں افراد مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایک بھی ایسا فرد سامنے نہیں آئے گا جس سے اس کی سیاسی وابستگی کے بارے میں پوچھا گیا ہو۔

مریم نواز نے کہا کہ ہم صوبے میں موبائل پولیس اسٹیشن لانچ کررہے ہیں تاکہ لوگوں کے گھر جاکے ان کی ایف آئی آر کٹے، ان کو تھانوں میں دھکے نہ کھانے پڑیں، ماضی میں لوگوں کو فری دوائیاں بند کردی گئی تھی، اب 95 فیصد افراد کو دوبارہ فری دوائیاں مل رہی ہیں، 100 ارب روپیہ صرف فری دوائیوں کے لیے جارہا ہے۔

اپنی زمین اپنا گھر اسکیم

انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کے پاس اپنی زمین نہیں ہے ان کے لیے پنجاب حکومت اپنی زمین اپنا گھر اسکیم لے کے آرہی ہے، جن کے پاس کوئی پلاٹ نہیں ہے، ان کے لیے 2 ہزار پلاٹس سے اسکیم کی شروعات کی جارہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp