اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کا عمران خان کی گرفتاری اور وکلا پر تشدد کے خلاف احتجاج کا اعلان

بدھ 10 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد بار ایسوسی ایشن نے اسلام ہائیکورٹ کے احاطے سے سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری اور وکلا پر تشدد کے خلاف احتجاج کا اعلان کر دیا۔

سیکرٹری اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق وکلا آج ہائیکورٹ کے احاطے سے سابق وزیر اعظم کی گرفتاری اور وکلا پر تشدد کے خلاف احتجاج کریں گے۔ تمام وکلا آج عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کریں گے۔

سیکرٹری اسلام آباد بار ایسوسی ایشن رضوان شبیر کیانی نے آج عدالتی بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے ہائیکورٹ کی ڈائری برانچ میں شیشے توڑنے اور تشدد کے واقعے کی عدالتی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

رضوان شبیر کیانی نے کہا کہ آئین پاکستان کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کو غیر قانونی اقدامات سے باز رہنے کی وارننگ دیتے ہیں۔

سیکرٹری اسلام آباد بار ایسوسی ایشن نے کہا کہ عدلیہ اور وکلا آئین کے تحفظ کے لیے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہیں۔

اس سے قبل لاہور بار ایسوسی ایشن نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے خلاف ہڑتال کا اعلان کیا۔

صدر لاہور بار رانا انتظار نے کہا کہ حکومت سیاسی انتقام میں اندھی ہوچکی ہے اور ہر صورت اپنے سیاسی حریفوں کو زیر کرنا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال ملک میں امن و امان خراب کر رہی ہے جبکہ عمران خان کی گرفتاری اور عدالت کے تقدس کی پامالی کی مذمت کرتے ہیں۔

صدر لاہور ہائیکورٹ بار اشتیاق اے چودھری نے کہا کہ ضمانت کے لیے آئے کسی بھی ملزم کو احاطہ عدالت سے گرفتار نہیں کیا جا سکتا اور لاہور ہائیکورٹ اس طرح گرفتاری کی مذمت کرتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp