فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) امیگریشن حکام نے کراچی میں ایک اہم کارروائی کے دوران اغوا اور قتل جیسے سنگین جرائم میں مطلوب اشتہاری ملزم انیق خان کی بیرون ملک فرار کی کوشش ناکام بنادی۔
یہ بھی پڑھیں:ایف آئی اے کا سائبر کرائم ونگ ختم، نیشنل سائبر کرائم انوسٹیگیشن ایجنسی فعال
ملزم انیق خان، جو آزاد کشمیر کے ضلع کوٹلی کا رہائشی ہے، قطر فرار ہونے کی کوشش میں کراچی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پکڑا گیا۔ ملزم آزاد کشمیر پولیس کو ایک حالیہ مقدمے میں مطلوب تھا، جس میں اس پر قتل اوراغوا کی دفعات کے تحت سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم کا نام پہلے سے اسٹاپ لسٹ میں شامل تھا، جس کی بنیاد پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔ گرفتاری کے بعد انیق خان کو تمام قانونی تقاضے مکمل کرتے ہوئے آزاد کشمیر پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:ایف آئی اے امیگریشن کی بڑی کارروائی، 7 مسافر آف لوڈ
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش کرنے والے ملزمان پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے اور قانون کی بالادستی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام جاری رکھے گا۔