ماہ ربیع الاول میں 50ویں سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا شایانِ شان انعقاد کیا جائے گا، سردار محمد یوسف

جمعرات 7 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ ماہ ربیع الاول میں 50ویں بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد شایانِ شان اور بامقصد انداز میں کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں کانفرنس کی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امور کو اس سال سیرت النبی ﷺ کانفرنس کے 50 ویں ایڈیشن کے انعقاد کی سعادت حاصل ہو رہی ہے، جو نئی نسل کو سیرت نبوی ﷺ اور اسلامی تعلیمات سے روشناس کرانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

سردار محمد یوسف نے بتایا کہ اسلامی تعاون تنظیم (OIC) نے رواں ہجری سال کو نبی کریم ﷺ کے 1500 ویں سالِ ولادت کے طور پر ’نبی الرحمہ‘ کے عنوان سے منانے کا اعلان کیا ہے۔ اسی مناسبت سے ملک بھر میں ’عشرۂ رحمت للعالمین‘ کے تحت تقریبات، سیرت و نعت محافل اور علمی نشستوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں: کوشش کر رہے ہیں کہ رہ جانے والے عازمین کے لیے سعودی حکومت سے رعایت حاصل کریں، سردار محمد یوسف

انہوں نے کہا کہ 50 ویں سیرت کانفرنس کا مرکزی موضوع ’سوشل میڈیا کے مثبت استعمال کی تعلیم و تربیت میں ریاستی ذمہ داریاں، سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں‘ رکھا گیا ہے۔ اس موضوع پر تحریر کردہ مقالات اور سیرت و نعت پر لکھی گئی نمایاں کتب کے مصنفین کو خصوصی انعامات دیے جائیں گے، جبکہ منتخب تحقیقی مقالات کو کتابی صورت دے کر نئی نسل اور پالیسی ساز اداروں تک پہنچایا جائے گا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزارت مذہبی امور سیرت نگاروں کی بھرپور حوصلہ افزائی جاری رکھے گی، اور اس قومی و بین الاقوامی نوعیت کی کانفرنس کو ایک بھرپور فکری، مذہبی اور علمی سرگرمی بنایا جائے گا۔

واضح رہے کہ رواں ماہ ربیع الاول میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والی سیرت النبی ﷺ کانفرنس میں ملک و بیرون ملک سے ممتاز مذہبی اسکالرز اور شخصیات شرکت کریں گی۔ اجلاس میں وفاقی سیکریٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطاء الرحمان، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر ساجد محمود چوہان سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp