پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب (وسطی) کے جنرل سیکریٹری حسن مرتضیٰ کا کہنا ہے کہ پنجاب سے متعلق ان کی پارٹی کے اب تک کوئی بھی مطالبات نہیں مانے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: پیپلز پارٹی سے ہمارے اچھے تعلقات ہیں، حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، اسحاق ڈار
وی نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے سید حسن مرتضیٰ نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی کوآڈینشن کمیٹی بنائی گئی تھی جس کا مقصد پیپلزپارٹی کے تحفظات پنجاب میں دور کرنا تھا اور وہ تھے بھی عوامی مفادات سے متعلق نہ کہ ذاتی نوعیت کے۔
انہوں نے کہا کہ کوآرڈینشن کمیٹی ن لیگ کے سینیئر لوگ شامل ہیں مگر وہ سب نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، رانا ثنا اللہ سمیت سب ہی بے اختیار ہیں وہ اتنی لمبی لمبی میٹنگز کرتے ہیں لیکن ہوتا کچھ بھی نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس حوالے سے لیڈر شپ کو آگاہ کیا جائے گا تاکہ وہ اگلا فیصلہ کرسکے۔
حسن مرتضیٰ نے کہا کہ ہمارا پہلا مطالبہ یہ تھا کہ پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کروائے جائیں مگر اب تک ن لیگ کی طرف اس مطالبہ پر سنجیدگی نہیں دکھائی گئی اب جب پہلا ہی مطالبہ پورا نہ ہو تو باقی کہاں پورے ہو سکتے ہیں۔
صدر آصف زرداری اور میاں نواز شریف کی ملاقات ہو رہی ہے؟
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے علم میں ابھی تک ایسی کوئی بات نہیں آئی کہ صدر مملکت اور نواز شریف کی کوئی ملاقات ہونے جا رہی ہے تاہم وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں۔
مزید پڑھیے: رقبے آباد کرنا پاک آرمی کا کام نہیں، حسن مرتضیٰ جنرل سیکرٹری پی پی پی وسطی پنجاب
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو وزیر اعظم سے ملیں گے تو ہمارے تحفظات سے انہیں آگاہ کریں گے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ صدر آصف علی زرداری کو ہٹانے کی باتیں بے بنیاد ہیں اور اس خبر کی تردید ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھی کردی ہے۔