تین ماہ قبل پاک فضائیہ کے ہاتھوں شدید خفت اٹھانے کے بعد بھارتی فضائیہ ایک بار پھر غیر مصدقہ دعوؤں کے ساتھ منظرِ عام پر آگئی ہے۔ بھارتی ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ نے دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ 4 روزہ فضائی جھڑپ کے دوران بھارت نے پاکستان کے 5 لڑاکا طیاروں سمیت 6 جہاز تباہ کیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت کشیدگی: انڈیا نے 3 جنگی جہاز گر کر تباہ ہونے کی تصدیق کردی
بھارتی ائیرچیف کا کہنا ہے کہ بھارتی فضائیہ نے پاکستان کی ایئر فیلڈز کو نشانہ بنا کر وہاں کھڑے طیاروں کو تباہ کیا۔ تاہم یہ دعویٰ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب واقعے کو 3 ماہ گزر چکے ہیں، اور اب تک بھارت کسی بھی قسم کا قابلِ اعتماد ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بغیر شواہد ایسے دعوے نہ صرف بھارتی فضائیہ کی پیشہ ورانہ ساکھ کو متاثر کرتے ہیں، بلکہ ان کی اہلیت پر بھی سنجیدہ سوالات اٹھاتے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان نے 7 مئی کی فضائی جھڑپ کے فوری بعد ہی واضح شواہد کے ساتھ بھارتی طیارے جن میں رافیل بھی شامل تھا، مار گرانے کی تفصیلات جاری کردی تھیں۔
پاک فوج کی جانب سے پیش کی گئی معلومات کو نہ صرف ملکی سطح پر سراہا گیا بلکہ بھارتی میڈیا کی بعض رپورٹس نے بھی ان کی تصدیق کی تھی۔
اس کے علاوہ پاک فضائیہ نے بھارتی لڑاکا طیاروں کے درمیان ہونے والی کاک پٹ کمیونی کیشنز کو ہیک کرکے ان کی گفتگو بھی ریکارڈ کی، جو بعد ازاں بطور ثبوت منظرِ عام پر لائی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: پاک فضائیہ نے جدید بھارتی رافیل کیسے گرائے؟ برطانوی خبر رساں ایجنسی کی خصوصی رپورٹ شائع
بھارتی فضائیہ کی جانب سے تاخیر سے آنے والے ان دعوؤں کو ماہرین ایک بوکھلاہٹ پر مبنی بیانیہ قرار دے رہے ہیں، جس کا مقصد اندرونی دباؤ کو کم کرنا اور عوامی توجہ اصل ناکامی سے ہٹانا ہو سکتا ہے۔