وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈاپور نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے طبی معائنہ کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔
سابق وزیر اعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان اور علی امین گنڈاپور کی جانب سے راجہ ظہور الحسن ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر درخواست میں پنجاب حکومت، آئی جی جیل خانہ جات، جیل اسپتال اور شوکت خانم اسپتال کو فریق بنایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بعض پی ٹی آئی رہنما چاہتے ہیں عمران خان جیل سے رہا نہ ہوں، شیر افضل مروت
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کی عمر 72 سال ہے اور ان کا معمول کا طبی معائنہ ضروری ہے، جیل میں قید کے دوران ان کا وزن کم ہوگیا ہے اور مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے کا خدشہ ہے۔
درخواست کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی طبی ہسٹری شوکت خانم اسپتال کے پاس موجود ہے، لہٰذا اسپتال کی طبی ٹیم کو ماہانہ معائنہ اور ضروری ٹیسٹ کرنے کی اجازت دی جائے۔
مزید پڑھیں:علی امین گنڈاپور کی وجہ سے عمران خان جیل میں ہیں، کارکنان وزیراعلیٰ کے خلاف پھٹ پڑے
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ڈاکٹر عاصم یوسف، ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹر ثمینہ نیازی کو طبی معائنہ اور ٹیسٹ کے لیے بانی پی ٹی آئی تک رسائی دی جائے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ ماہانہ طبی معائنہ اور ٹیسٹ رپورٹس عدالت میں جمع کرانے کے ساتھ بانی پی ٹی آئی کے اہلخانہ کو بھی فراہم کی جائیں۔