یاسمین راشد کا حکم ہے کور کمانڈر آفس کو آگ لگا دو، عباد فاروق کی مبینہ آڈیو سامنے آگئی

بدھ 10 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ملک کے مختلف حصوں میں احتجاج کیا ہے جس کے بعد کچھ مرکزی اور مقامی رہنماؤں کی مبینہ آڈیوز سامنے آ گئی ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اعجاز چوہدری اور ان کے بیٹے علی چوہدری کی مبینہ گفتگو سامنے آئی ہے جس میں علی چوہدری کور کمانڈر لاہور میں ہونے والی کشیدگی سے متعلق سوال کرتے ہیں کہ کیا گولیاں چلی ہیں جس کے جواب میں اعجاز چوہدری کہتے ہیں کہ جی ہاں پہلے ہوائی فائرنگ ہوئی ہے اور پھر ایک برسٹ مارا ہے جس سے 3 لوگوں کو گولیاں لگی ہیں۔

باپ بیٹے کی لیک آڈیو میں یہ کہا جا رہا ہے کہ گھر میں گملے سے لے کر کوئی چیز نہیں بچی سب کچھ تباہ کر دیا ہے۔

اس کے علاوہ ایک اور مبینہ آڈیو میں تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈر عباد فاروق اپنے پیغام میں کارکنوں کو کہہ رہے ہیں کہ میں یاسمین راشد کے ساتھ کور کمانڈر ہاؤس پہنچ چکا ہوں۔ میرے ساتھ اعجاز چوہدری بھی موجود ہیں۔

عباد فاروق مزید کہتے ہیں کہ یاسمین راشد نے کہا ہے کہ ہم کور کمانڈر ہاؤس کو آگ لگائیں گے اور اب ہم نے رکنا نہیں ہے کیوں کہ آج سے عمران خان کا امتحان ختم اور ہمارا شروع ہو چکا ہے۔

ایک اور مبینہ آڈیو میں تحریک انصاف کے وکیل خواجہ طارق رحیم ہاشم نامی شخص کو کہہ رہے ہیں کہ وٹس ایپ دیکھیں میں نے کچھ چیزیں بھیجی ہیں جس کے جواب میں وہ کہتے ہیں اچھا میں وٹس ایپ دیکھتا ہوں۔

خواجہ طارق رحیم اس کے بعد کہتے ہیں کہ ادھر آبپارہ میں آئی ایس آئی کے دفتر پر حملہ کیا گیا ہے اور 7 سے 8 بندے مارے گئے ہیں جس پر ہاشم کا جواب ہوتا ہے کہ ایک سیکنڈ میں ابھی دیکھتا ہوں۔

اس کے علاوہ پی ٹی آئی کے مقامی رہنماؤں شیخ امتیاز اور صغیر وڑائچ کی بھی ایک مبینہ آڈیو سامنے آئی ہے جس میں صغیر وڑائچ گفتگو کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ شیخ صاحب! اپنے اپنے علاقے بند کرنے ہیں یا کوئی سینٹرل پوائنٹ جس کے جواب میں شیخ امتیاز کہتے ہیں کہ ہم اب ادھر سارے کور کمانڈر ہاؤس اکٹھے ہوئے ہیں۔

صغیر وڑائچ اپنی گفتگو میں مزید کہتے ہیں کہ کیا ہم بھی سارے کور کمانڈر ہاؤس پہنچ جائیں جس کے جواب میں شیخ امتیاز کہتے ہیں کہ جی بالکل اُدھر ہی آ جائیں۔

واضح رہے کہ چئرمین تحریک انصاف عمران خان کی منگل کے روز القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتاری کے پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ملک کے مختلف حصوں میں احتجاج کیا اور اس دوران کئی اہم عمارتوں پر دھاوا بولا گیا۔

دوسری جانب اسلام آباد کی احتساب عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ہے۔

نیب پراسیکیوٹر نے عمران خان کا 14 روزہ ریمانڈ دینے کی استدعا کی تھی۔

عمران خان کی گرفتاری کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں اب بھی احتجاج کیا جا رہا ہے جس کے پیش کئی شہروں میں دفعہ 144 نافذ کیا گیا ہے۔

ملکی حالات کے پیش نظر پنجاب اور خیبر پختونخوا میں فوج کو طلب کر لیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp