راولپنڈی: بہن کا گلا کاٹ کر قتل اور شیر خوار بھانجے کو زخمی کرنے کا مقدمہ درج

منگل 12 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

راولپنڈی کے تھانہ صدر بیرونی علاقے میں بہن انجم زارہ کے قتل اور 3 ماہ کے شیر خوار بھانجے کے زخمی ہونے کا مقدمہ اس کے شوہر حمزہ اظہار کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمے کے متن کے مطابق مقتولہ کی بیوی زمین کے تنازع پر اپنے بھائیوں محمد علی، شجاعت علی، صباحت علی اور محمد شاہد سے جھگڑا کر رہی تھی۔

مدعی کے بیان کے مطابق ملزم محمد علی نے کمرے میں داخل ہو کر انجم زارہ کو دھمکی دی اور پھر والدین کے سامنے اس کے گلے پر چھری سے وار کیا، جس کے باعث وہ زمین پر گر گئی۔ اس کے بعد ملزم نے اس کے گلے، بازوؤں اور ہاتھوں پر چھری سے متعدد وار کیے۔ مزید برآں، ملزم نے بیڈ پر لیٹے 3 ماہ کے بچے محمد سالار حمزہ کو بھی زخمی کیا۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی: جائیداد کے تنازع پر باپ اور 2 بہنوں کو قتل، بھانجے کو شدید زخمی کرنے والا ملزم گرفتار

والدین کے شور مچانے پر اہل محلہ موقع پر جمع ہوگئے اور ملزم کو قابو کرلیا۔ مقدمے میں الزام ہے کہ ملزم نے اپنے بھائیوں کی ایما پر یہ واردات کی۔

باپ اور 2 بہنوں کے قتل اور بھانجے کو زخمی کرنے والا ملزم گرفتار

پولیس نے ملزم محمد علی کو گرفتار کر لیا ہے جس نے اسلام آباد کے تھانہ شہزاد ٹاؤن میں اپنے والد اور ایک بہن کو قتل کیا، اور پھر راولپنڈی کے اڈیالہ روڈ پر دوسری بہن کو قتل کرکے بھانجے کو زخمی کیا۔ پولیس نے تیز دھار آلہ بھی برآمد کرلیا ہے۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق یہ واردات جائیداد کے تنازع اور غیرت کے نام پر ہوئی۔ زخمی بچے کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں اس کی حالت تشویشناک ہے۔ دونوں تھانوں میں مقدمات درج کرکے قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp