وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کی ایپکس کمیٹی نے قومی مقابلہ کتبِ سیرت، نعت و مقالات 2025 کے نتائج کو حتمی شکل دے دی۔ سیرت نویسی میں نمایاں کام کرنے والوں کو ان نتائج کے مطابق اگلے ماہ 12 ربیع الاوّل کو الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس کے موقع پر انعامات سے نوازا جائے گا۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر صاحبزادہ ساجد الرحمن کی زیر صدارت ماہرین تعلیم اور اسلامی سکالرز پر مشتمل ایپکس کمیٹی کا اجلاس وزارتِ مذہبی امور میں منعقد ہوا۔ دیگر اراکین میں ڈاکٹر ریاض مجید، ڈاکٹر یوسف فاروقی، ڈاکٹر محمد سجاد، ڈاکٹر اکرام الحق یٰسین، ڈاکٹر محی الدین ہاشمی، ڈاکٹر محمد الیاس، ڈاکٹر فیروز الدین شاہ، ڈاکٹر منزہ بتول شامل تھے۔
سالانہ قومی مقابلہ کتبِ سیرت، نعت و مقالات 2025کے تحت موصول ہونے والی کتب اور مقالات کے ابتدائی نتائج ایپکس کمیٹی کے سامنے رکھے گئے۔ مقابلے میں شامل تمام کتب، مجلات اور مقالات کو ججز کمیٹی کی طرف سے دیے گئے نمبروں اور سفارشات کی جانچ پرکھ کے بعد ایپکس کمیٹی نے نتائج کو حتمی شکل دی۔
مزید پڑھیں: سرکاری حج اسکیم کا دوسرا مرحلہ شروع، درخواستیں 16 اگست تک جمع کروائی جاسکتی ہیں
واضح رہے کہ نمایاں کیٹیگریز میں قومی زبان اُردو، علاقائی اور دیگر غیر ملکی زبانوں میں لکھی گئی کتب سیرت، نعت اور مجلات کے لیے 142 کتب موصول ہوئیں۔ نیز مقالہ نگاری کے لیے مختص موضوع ’سوشل میڈیا کے مفید استعمال کی تعلیم وتربیت میں ریاستی ذمہ داریاں ۔ ۔ ۔ سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں‘ پر مرد و خواتین مقالہ نگاروں کی جانب سے 107 مقالے موصول ہوئے۔
دور حاضر کے مسائل کے لیے سیرت طیبہ سے رہنمائی پر مبنی ایسے بہترین اور انعام یافتہ مقالہ جات کی طباعت کروا کر مختلف درسگاہوں اور مشہور لائبریریوں میں پہنچانا وزارتِ مذہبی امور کا احسن قدم ہے جو گذشتہ کئی دہائیوں سے کامیابی سے جاری ہے۔