ویسٹ انڈیز نے تیسرے ایک روزہ میچ میں کپتان شائے ہوپ کی شاندار سینچری کی بدولت پاکستان کو 295 رنز کا ہدف دیا ہے۔
ٹرینیڈاڈ کے برائن لارا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس فیصلہ کن میچ میں میزبان ٹیم نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 294 رنز اسکور کیے، جس میں شائے ہوپ نے اپنی جارحانہ بلے بازی سے نمایاں کارکردگی دکھائی۔
ویسٹ انڈیز کا پاکستان کو جیتنے کے لئے 295 رنز کا ہدف۔۔
ایک وقت پر ان کے 200 بھی مشکل لگ رہے تھے مگر شکریہ پاکستان کی بالنگ کا جنہوں نے آخری 10 اوورز میں 119 رنز لگوا دئے 🫡 #PAKvWI #cricket pic.twitter.com/1GWzNqclWD— Ather Salem® (@Atharsaleem01) August 12, 2025
کپتان شائے ہوپ نے 94 گیندوں پر ناقابل شکست 120 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں انہوں نے 10 چوکے اور 5 چھکے شامل کیے۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ ویسٹ انڈیز کے بلے بازوں نے محتاط انداز اپناتے ہوئے وکٹیں گرتے ہوئے بھی اسکور بنایا۔
برینڈن کنگ 10 کے مجموعے پر 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ایون لوئس نے 37 رنز بنائے، جبکہ کیسی کارٹی 68 کے مجموعے پر 17 رنز کے ساتھ پویلین لوٹ گئے۔ شرفین ردرفورڈ نے 15 اور راسٹن چیز نے 36 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ گداکیش موتی نے صرف 5 رنز بنائے۔
پاکستان کی طرف سے نسیم شاہ اور ابرار احمد نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ محمد نواز اور صائم ایوب کو ایک ایک وکٹ ملی۔ فیصلہ کن میچ کے لیے پاکستان نے اپنی ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے فاسٹ بولر نسیم شاہ کو شاہین شاہ آفریدی کی جگہ شامل کیا ہے۔
پاکستانی ٹیم کی قیادت محمد رضوان کر رہے ہیں، جبکہ ٹیم میں عبداللہ شفیق، صائم ایوب، بابر اعظم، اور نائب کپتان سلمان علی آغا بھی شامل ہیں۔ دیگر کھلاڑیوں میں حسن نواز، حسین طلعت، محمد نواز، نسیم شاہ، حسن علی اور ابرار احمد شامل ہیں۔
یاد رہے کہ پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے حسن نواز اور حسین طلعت کی عمدہ بلے بازی کی بدولت میزبان کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی، جب کہ بارش کی وجہ سے متاثرہ دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز برابر کر دی تھی۔














