آذربائیجان کی فوج کے فرسٹ ڈپٹی وزیر دفاع اور چیف آف جنرل اسٹاف کرنل جنرل کریم ولییف نے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیرکو فوجی تعاون کے میدان میں خدمات کے اعتراف کے طور پر آذربائیجان کا اعلیٰ پیٹریاٹک وارمیڈل عطا کیا۔
یہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل کے دورہ امریکا کے بعد پاک امریکا تعلقات میں اہم پیشرفت، فنانشل ٹائمز کی رپورٹ سامنے آگئی
آئی ایس پی آر کے مطابق کرنل جنرل کریم ولییف نے آج جنرل ہیڈکوارٹرز میں آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، بالخصوص موجودہ عالمی و علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا۔

اس موقع پر کرنل جنرل کریم ولییف نے صدرالہام علییف کی جانب سے فوجی تعاون کے میدان میں خدمات کے اعتراف کے طور پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کو آذربائیجان کا اعلیٰ پیٹریاٹک وارمیڈل عطا کیا، یہ اعزاز دو طرفہ فوجی تعاون میں غیر معمولی کردار پر دیا گیا۔
مزید پڑھیں: امریکا میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کا گرمجوش استقبال، ٹرمپ دور میں تعلقات کی حیران کن بحالی
کرنل جنرل کریم ولییف نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور معرکہ حق آپریشن ’بنیان مرصوص‘ میں کامیابی کو سراہتے ہوئے پاکستان کی آزادی اور فتح کی آئندہ تقریبات کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

آرمی چیف نے معرکۂ حق کے دوران پاکستانی عوام کا ساتھ دینے پرآذربائیجان کی قیادت اورعوام کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے یومِ آزادی کی تقریب میں آذری دستے کی شرکت پر بھی اظہارِ تشکر کیا۔
مزید پڑھیں: امریکا کے ساتھ ممکنہ تجارتی معاہدے کی بدولت بھاری سرمایہ کاری متوقع ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر
دونوں فوجی رہنماؤں نے دفاعی تعاون کو فروغ دینے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

مہمان جنرل نے دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی غیر متزلزل کوششوں کو سراہتے ہوئے دفاع اورسلامتی کے شعبوں میں مزید تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
قبل ازیں جی ایچ کیو پہنچنے پر کرنل جنرل کریم ولییف کو پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا اور انہوں نے یادگارِ شہدا پر پھول بھی چڑھائے۔














