پاکستان کا 78واں یوم آزادی: ملک بھر میں سبز ہلالی پرچموں کی بہار، جگہ جگہ آتش بازی

جمعرات 14 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے 78ویں یوم آزادی کا آغاز ہوتے ہی ملک بھر میں بھرپور طریقے سے جشن کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔ پاکستان کے مختلف شہروں میں آتش بازی کی گئی، اور نوجوان نعرے بھی لگاتے رہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سینٹورس مال کے باہر لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے رات کے 12 بجتے ہی شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا، اس کے علاوہ پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے گئے۔

اس کے علاوہ کراچی، لاہور، پشاور، مظفرآباد، گلگت سمیت ملک کے طول و عرض میں لوگ گھروں سے باہر نکل آئے اور پاکستان کے زندہ باد کے نعرے بلند کیے۔

اسلام آباد اسپورٹس کمپلیکس میں یوم آزادی اور معرکہ حق کی مناسبت سے تقریب

ادھر اسلام آباد کے اسپورٹس کمپلیکس میں یومِ آزادی اور معرکہ حق کی فتح کی مناسبت سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیرِاعظم شہباز شریف اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان شریک ہوئے۔

تقریب میں وفاقی کابینہ کے ارکان، قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اراکین، دوست ممالک کے سفرا اور بڑی تعداد میں شہری بھی موجود تھے۔ شرکا نے تینوں مسلح افواج کے شاندار میوزک بینڈ کے مارچ پاسٹ، پاک آرمی، پاک بحریہ، پاک فضائیہ، پنجاب رینجرز اور ایف سی خیبرپختونخوا کے دستوں کی نمائش کو نہایت دلچسپی سے دیکھا۔

اسپیشل سروسز گروپ کے کمانڈوز نے بھی اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا جبکہ ترکیہ اور آذربائیجان کی مسلح افواج کے دستوں نے بھی مارچ پاسٹ میں حصہ لیا۔ تقریب کے دوران وزیرِاعظم شہباز شریف نے یادگارِ معرکہ حق کے ماڈل کی بھی نقاب کشائی کی۔

اس سال یومِ آزادی ہم افتخار اور نئی امید کے ساتھ منا رہے ہیں، صدر مملکت آصف زرداری

صدر مملکت آصف علی زرداری نے 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر پیغام جاری کرتے ہوئے ملک بھر کے عوام کو دلی مبارکباد دی۔

انہوں نے کہاکہ یہ دن ہمیں ان قربانیوں، جرات اور اتحاد کی یاد دلاتا ہے جن کی بدولت مادرِ وطن کو آزادی نصیب ہوئی۔ صدر مملکت نے قائداعظم محمد علی جناحؒ اور تحریک پاکستان کے تمام کارکنان کو خراجِ عقیدت بھی پیش کیا۔

آصف علی زرداری نے کہاکہ اس سال یومِ آزادی ہم افتخار اور نئی امید کے ساتھ منا رہے ہیں۔ انہوں نے معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص میں قوم کی شاندار فتح کو پاکستان کی تاریخ کا سنہری باب قرار دیا اور بتایا کہ یہ کامیابی قومی عزم، پیشہ ورانہ مہارت اور پوری قوم کے اتحاد کا مظہر ہے۔

انہوں نے کہاکہ بھارت کی بلاجواز جارحیت کے جواب میں پاکستان نے تحمل، حکمت اور بھرپور قوت سے اپنے وطن کا دفاع کیا، جس سے دنیا نے یہ دیکھا کہ پاکستان امن پسند ہے لیکن اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

’آپریشن بنیان مرصوص‘ میں کامیابی سے قوم کے حوصلے بھی بلند ہوئے

صدر مملکت نے کہاکہ معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص میں کامیابی سے نہ صرف اداروں پر اعتماد مضبوط ہوا بلکہ قوم کے حوصلے بھی بلند ہوئے۔ انہوں نے معاشی بحالی، تعلیمی اصلاحات، تکنیکی ترقی، ادارہ جاتی مضبوطی اور ماحولیاتی تحفظ کو قومی جذبے کے اہم حصے قرار دیا۔

آصف علی زرداری نے بھارتی زیرِقبضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کو ان کے حقِ خودارادیت تک غیر متزلزل سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت فراہم کرتا رہے گا اور یوم آزادی کو اختلافات سے بالاتر ہو کر انصاف، مساوات، ایمان اور خدمتِ خلق پر مبنی ملک کے لیے متحد ہونے کا دن بنانا چاہیے۔

تحریک پاکستان کے تمام قائدین کو سلام پیش کرتے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف

قبل ازیں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے معرکہ حق کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے تحریک پاکستان کے تمام قائدین کو سلام بھی پیش کیا اور کہاکہ 14 اگست کی آزادی صرف ایک دن کا جشن نہیں بلکہ دو قومی نظریے کی جنگ کی کامیابی کی علامت ہے۔

انہوں نے کہاکہ قائداعظم محمد علی جناح کی بہادری اور قیادت نے تاریخ اور جغرافیہ بدل دیا، جب 14 اگست 1947 کو پاکستان دنیا کے نقشے پر ابھر کر سامنے آیا۔

وزیراعظم نے کہاکہ حال ہی میں بھارت نے طاقت کے گھمنڈ میں پاکستان پر حملہ کیا لیکن ہمارے بہادر مسلح افواج نے بھارت کے غرور کو صرف 4 دن میں خاک میں ملا دیا گیا۔

وزیراعظم نے حالیہ بھارتی حملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھارت کے جنگی جنون کے خلاف جس حکمت عملی سے پاکستان کو کامیابی دلائی، اس کا اعتراف دوست اور دشمن سب کرتے ہیں۔ ’جس طرح 14 اگست 1947 کو پاکستان دنیا کے نقشے پر ابھر کر سامنے آیا ایسے ہی 25 مئی 2025 کو بھی ایک نئی قوم ابھر کر سامنے آئی۔‘

وزیراعظم نے عالمی اور خطے کے ممالک کے تعاون کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہاکہ چین، سعودی عرب، ترکیہ، قطر، ایران، یو اے ای، آذربائیجان نے پاکستان کے موقف کی حمایت کی۔

آج کا دن ہماری تاریخ کا نہایت اہم لمحہ ہے، صدر آزاد کشمیر

صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے 14 اگست یومِ آزادی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہاکہ آج کا دن ہماری تاریخ کا نہایت اہم لمحہ ہے، جس نے برصغیر کے مسلمانوں کو آزادی کی نوید دی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا نے اسی دن ایک نئی ریاست کو وجود میں آتے ہوئے دیکھا۔

اپنے پیغام میں صدر آزاد کشمیر نے کہاکہ پاکستان کا قیام بانی پاکستان قائد محمد علی جناح کی انتھک محنت اور جدوجہد کا نتیجہ ہے، قائداعظم نے تحریک پاکستان کو کامیابی سے ہمکنار کر کے نہ صرف تاریخ کا رخ بدلا بلکہ دنیا کے نقشے کو بھی نئے انداز سے مرتب کیا۔

انہوں نے مزید کہاکہ کشمیری عوام کے جذبوں اور سوچ میں نظریہ پاکستان رچا بسایا ہوا ہے اور پاکستان ہی کشمیری عوام کی آرزوؤں اور امنگوں کا واحد مرکز ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

وفاقی حکومت کا سونے کی درآمد و برآمد پر پابندی ختم کرنے کا فیصلہ

یورپی یونین انڈو پیسفک فورم: اسحاق ڈار کی سنگاپور کے وزیرِ خارجہ اور بنگلادیشی سفیر سے غیررسمی ملاقات

ٹی20 ورلڈ کپ 2026: پاکستان اور بھارت ایک ہی گروپ میں، میچ 15 فروری کو کولمبو میں ہوگا

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکا کی ملاقات

ایبٹ آباد میں مسافر وین کو حادثہ، باپ بیٹے اور 2 بہنوں سمیت 6 افراد جاں بحق

ویڈیو

میڈیا انڈسٹری اور اکیڈیمیا میں رابطہ اور صحافت کا مستقبل

سابق ڈی جی آئی ایس آئی نے حساس ڈیٹا کیوں چوری کیا؟ 28ویں آئینی ترمیم، کتنے نئے صوبے بننے جارہے ہیں؟

عدلیہ کرپٹ ترین ادارہ، آئی ایم ایف کی حکومت کے خلاف چارج شیٹ، رپورٹ 3 ماہ تک کیوں چھپائی گئی؟

کالم / تجزیہ

ثانیہ زہرہ کیس اور سماج سے سوال

آزادی رائے کو بھونکنے دو

فتنہ الخوارج، تاریخی پس منظر اور آج کی مماثلت