انسٹاگرام پر 12 لاکھ سے زائد فالوورز رکھنے والی اور خود کو بزنس وومین اور اداکارہ ظاہر کرنے والی سندیپا وِرک کو بھارتی ایجنسی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے 40 کروڑ روپے کی مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں:حکیم شہزاد لوہا پاڑ کو میڈل دینا گورنر خیبر پختونخوا کو مہنگا پڑگیا، سوشل میڈیا پر تنقید
یہ کیس بھارتی پنجاب کے موہالی میں درج ایف آئی آر سے جڑا ہے، جس میں سندیپا پر الزام تھا کہ انہوں نے جعلی دعوؤں اور غلط بیانی سے لوگوں سے رقم بٹوری۔

ای ڈی کے مطابق وہ hyboocare.com نامی ویب سائٹ کی مالک ہونے کا دعویٰ کرتی تھیں، جو ایف ڈی اے منظور شدہ بیوٹی پروڈکٹس بیچنے کا دعویٰ کرتی تھی، مگر حقیقت میں یہ مصنوعات موجود ہی نہیں تھیں اور ویب سائٹ غیر فعال تھی۔
تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ سندیپا کا تعلق ریلائنس کیپٹل لمیٹڈ کے سابق ڈائریکٹر انگارائی نٹراجن سیتھرامَن سے بھی رہا، جن پر کمپنی کے فنڈز ذاتی استعمال کے لیے ہڑپ کرنے کا الزام ہے۔

ای ڈی نے دعویٰ کیا کہ کروڑوں روپے کے قرضے اور رقوم غیر قانونی طریقے سے جاری کیے گئے اور ان میں سے بڑی رقم واپس نہیں کی گئی۔
چھاپوں کے دوران اہم دستاویزات اور بیانات ریکارڈ کیے گئے۔ سندیپا وِرک کو 12 اگست کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے انہیں ای ڈی کی تحویل میں بھیج دیا گیا۔













