وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے عمران خان کی گرفتاری کے بعد احتجاج کے دوران ملکی املاک کو نقصان پہنچانے والوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے ملک دشمن عناصر باز آجائیں ورنہ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کرپشن کیس میں ہوئی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف قوم سے اہم خطاب کر رہے ہیںhttps://t.co/KVT0RC9aJN
— PMLN (@pmln_org) May 10, 2023
انہوں نے کہا کہ کابینہ کو اندھیرے میں رکھ کر بند لفافے میں آنے والی دستاویز کی منظوری کے حوالے سے کیس میں نیب تفتیش کر رہا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قانون کی حکمرانی یہی ہے کہ قانون کا سامنا کیا جائے۔ نواز شریف تو عدالتوں میں پیش ہوتے رہے۔
انھوں نے کہا کہ عمران خان نیازی اور پی ٹی آئی نے حساس سرکاری اور نجی املاک کو نقصان پہنچا کر ملک دشمنی کا ناقابل معافی جرم کیا۔ دیکھتی آنکھ نے ایسے دلخراش مناظر پاکستان کی 75 سالہ تاریخ میں کبھی نہیں دیکھے تھے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں نے احتجاج کے دوران مریضوں کو ایمبولینسز سے نکال کر ان کو آگ لگا دی۔
حساس املاک پر دشمن کی طرح حملے کیے گئے
انہوں نے کہا کہ حساس املاک پر دشمن کی طرح حملے کیے گئے۔ مسلح جتھے کو اکسانے کی حرکت کی گئی۔ شہدا اور غازیوں کی یادگاروں کی بے حرمتی کر کے پوری قوم کے دل کو زخمی کیا گیا۔ یہ مذموم مہم اب تک جاری ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کا ازلی دشمن جو کام 75 سال میں نہیں کر سکا وہ ان ملک دشمنوں نے کر دکھایا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے بھی یہ فیصلہ دیا کہ عمران نیازی کی گرفتاری قانون کے مطابق تھی۔
انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے آئین اور قانون کا ساتھ دیا۔ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور افواج پاکستان کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے انتہائی سمجھداری کا مظاہرہ کیا۔
قانون ہاتھ میں لینے والوں کو قرار واقعی سزا ملے گی
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں ان ملک دشمن عناصر کو خبردار کرتا ہوں کہ وہ ملک دشمن سرگرمیوں سے باز آجائیں ورنہ قانون ہاتھ میں لینے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور قانون کے مطابق قرار واقعی سزا ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ نظریہ پاکستان کی حفاظت ہمیں جان سے عزیز ہے جس کے خلاف کسی کو سازش نہیں کرنے دی جائے گی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان کےد ور میں ہم پر جو الزامات لگائے گئے ان میں سے ایک بھی ثابت نہیں ہو سکا۔ برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی نے بھی ہم کو کلین چٹ دی۔
انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد آصف زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا جو اعلیٰ حب الوطنی کا مظاہرہ تھا۔