کوئٹہ کے نوجوان عالمِ دین، ڈاکٹر محمد صادق کاکڑ نے بیلجیئم کی ایک معروف یونیورسٹی سے قانون میں ڈاکٹریٹ (پی ایچ ڈی) کی ڈگری حاصل کر لی۔ اس کے ساتھ ہی وہ کسی غیر ملکی یونیورسٹی سے قانون میں ڈاکٹریٹ کرنے والے پاکستان کے پہلے فارغ التحصیل عالمِ دین بن گئے۔
محمد صادق کاکڑ کی تعلیمی کہانی غیر معمولی ہے۔ وہ نہ کبھی اسکول گئے اور نہ ہی کالج۔ 2008 میں جامعہ بنوریہ عالمیہ کراچی سے درسِ نظامی مکمل کرنے کے بعد انہوں نے عصری تعلیم کی طرف رُخ کیا۔
ایف اے کی ڈگری نہ ہونے پر یونیورسٹی میں داخلہ ممکن نہ ہوا، مگر ہمت نہ ہارتے ہوئے انہوں نے پرائیویٹ طور پر ایف اے مکمل کیا اور انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے شعبہ شریعہ اینڈ لاء میں داخلہ لے لیا۔
دن میں کلاسز اور شام میں انگریزی سیکھنے کی محنت کے بعد، 2014 میں وکالت کا لائسنس حاصل کیا۔ 2019 میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اسکالرشپ ٹیسٹ میں نمایاں پوزیشن حاصل کی اور 2021 میں بیلجیئم پہنچے، جہاں رواں سال جون میں پی ایچ ڈی مکمل کی۔
ڈاکٹر محمد صادق کا کہنا ہے کہ وہ اب نوجوانوں کی رہنمائی کریں گے اور مدارس کے طلباء کو بین الاقوامی و پاکستانی قوانین اور انسانی حقوق سے متعلق تربیت دینے کا عزم رکھتے ہیں۔ ان کا یہ سفر محنت، مستقل مزاجی اور عزم کی ایک روشن مثال ہے۔












