ملک کے شمالی علاقوں میں بارشوں سے تباہی، جاں بحق افراد کی تعداد 300 سے تجاوز کر گئی

ہفتہ 16 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں طوفانی بارشوں، کلاؤڈ برسٹ اور سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی۔

مختلف حادثات میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 300 سے تجاوز کر گئی ہے، سینکڑوں لاپتہ اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ مکانات، پل اور سڑکیں بہہ گئیں جبکہ کئی گاؤں صفحہ ہستی سے مٹ گئے۔

باجوڑ میں ہیلی کاپٹر حادثہ

امدادی کارروائیوں کے دوران باجوڑ میں خیبرپختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوا، جس میں دو پائلٹس سمیت 5 افراد شہید ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں:ابھی مزید بارشیں ہوں گی: این ڈی ایم اے نے تازہ ایڈوائزری جاری کردی

حکام کے مطابق حادثے کے بعد ریسکیو آپریشن مزید مشکل ہوگیا، تاہم پاک فوج اور ریسکیو ٹیمیں امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

بونیر سب سے زیادہ متاثر

پی ڈی ایم اے کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا میں سب سے زیادہ نقصان ضلع بونیر میں ہوا جہاں بادل پھٹنے سے 12 سے زائد دیہات متاثر اور 213 افراد جاں بحق ہوگئے۔

متعدد دیہات صفحہ ہستی سے مٹ گئے اور سینکڑوں مکانات مکمل تباہ ہوگئے۔

مانسہرہ اور دیگر اضلاع

مانسہرہ میں شدید بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے باعث 20 ہلاکتوں کی تصدیق ہوچکی ہے۔ بٹل علاقے میں چھ گھروں پر مشتمل گاؤں مکمل طور پر مٹ گیا، جہاں 15 افراد جاں بحق اور درجنوں لاپتا ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پنجاب میں مون سون کی شدت برقرار، مختلف شہروں میں موسلا دھار بارشیں، انتظامیہ الرٹ

سوات اور شانگلہ میں بھی متعدد ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں، جبکہ باجوڑ کی تحصیل سلارزئی میں آسمانی بجلی گرنے سے 21 افراد جاں بحق ہوئے۔

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی صورتحال

گلگت بلتستان میں مختلف وادیوں میں سیلابی ریلوں سے فصلیں، مکانات اور پل تباہ ہوگئے، 10 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے۔

آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں سیلابی ریلوں نے 6 رابطہ پل بہا دیے اور مختلف حادثات میں 11 ہلاکتیں ہوئیں۔

امدادی سرگرمیاں اور حکومتی اقدامات

وزیراعظم نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا اور چیئرمین این ڈی ایم اے کو فوری طور پر بھرپور ریلیف آپریشن کی ہدایت دی۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے صوبے میں یومِ سوگ کا اعلان کیا۔

پاک فوج، ریسکیو ادارے اور فلاحی تنظیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں میں مصروف ہیں، سینکڑوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp