خیبرپختونخوا میں شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
ری ہیبلیٹیشن اینڈ سیٹلمنٹ ڈپارٹمنٹ خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث صوبے کے 8 اضلاع میں ہنگامی صورتحال (ایمرجنسی) نافذ کی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک کے شمالی علاقوں میں بارشوں سے تباہی، جاں بحق افراد کی تعداد 300 سے تجاوز کر گئی
محکمہ کے سیکرٹری یوسف رحیم کے دستخط سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے کے اضلاع سوات، بونیر، باجوڑ، تورغر، مانسہرہ، شانگلہ، دیر بالا، دیر زیریں اور بٹگرام میں فوری طور پر 31 اگست 2025 تک ایمرجنسی نافذ رہے گی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ان اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ متاثرہ آبادی کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں۔ پی ڈی ایم اے کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مرکزی اسٹوریج جالوزئی سے متاثرہ اضلاع کو خیمے، اشیائے ضرورت اور دیگر امدادی سامان فراہم کرے۔ مزید یہ کہ اگر کسی ڈپٹی کمشنر کے پاس پہلے سے فراہم کردہ سامان موجود ہے تو وہ بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ابھی مزید بارشیں ہوں گی: این ڈی ایم اے نے تازہ ایڈوائزری جاری کردی
محکمہ ریلیف کے مطابق تمام اخراجات متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کے ریلیف اکاؤنٹس سے پورے کیے جائیں گے، جبکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ خرچ ہونے والے فنڈز اور فراہم کردہ سامان کا مکمل ریکارڈ رکھا جائے اور باقاعدہ طور پر پی ڈی ایم اے اور صوبائی محکمہ ریلیف کو رپورٹ کیا جائے۔
حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کی کاپی وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے پرنسپل سیکرٹری، چیف سیکرٹری کے پرسنل اسٹاف آفیسر، کمشنرز ملاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن، ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے، اور متاثرہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو بھی ارسال کر دی گئی ہے۔