13 سالہ رضیہ سلطان کی اپنے والد یاسین ملک کو بھارتی مظالم سے بچانے کے لیے عالمی برادری سے اپیل

ہفتہ 16 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کشمیری حریت رہنما محمد یاسین ملک کی 13 سالہ بیٹی رضیہ سلطان نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری مداخلت کرے تاکہ ان کے والد کو سیاسی انتقام کے تحت دی جانے والی سزا سے بچایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: یاسین ملک کے ساتھ 10 برس سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی، مشعال ملک

انہوں نے عالمی طاقتوں بشمول چین و امریکا اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو مخاطب کرتے ہوئے انصاف کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والد کو مودی حکومت جعلی مقدمات میں پھنسا کر’کنگرو کورٹ‘ کے ذریعے ظلم کا نشانہ بنارہی ہے۔

کشمیر کی خود ارادیت کی جدوجہد کی ایک نمایاں آواز یاسین ملک طویل عرصے سے بھارتی حکام کی گرفت میں ہیں۔ ان کی بیٹی کی جذباتی اپیل ان کی قید کی سخت حقیقت کو اجاگر کرتی ہے جہاں انہیں موت کی سزا کا سامنا ہے اور یہ مقدمہ وسیع پیمانے پر غیر منصفانہ اور غیر شفاف سمجھا جاتا ہے۔

رضیہ سلطان کی یہ اپیل بھارت کی سخت گیر پالیسیوں کے ذریعے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے ظلم و ستم کو بھی اجاگر کرتی ہے جہاں اختلاف رائے کو جرم قرار دیا جاتا ہے اور قانونی عمل کو مسلسل کمزور کیا جاتا ہے۔ ایک بچی کے دکھ و فکرمندی کے ساتھ ساتھ یہ اپیل بھارت میں مودی کی ہندو قوم پرست حکومت کے تحت جمہوری اقدار کی پامالی کی بھی مذمت ہے۔

مزید پڑھیے: یاسین ملک کے خلاف 34 سال پرانے مقدمے کا نیا موڑ بھارتی حکومت کے الزامات پر سوالات اٹھنے لگے

عالمی ضمیر کو جگاتے ہوئے رضیہ سلطان ایک معصوم بچی کی حیثیت سے عالمی رہنماؤں اور انسانی حقوق کے محافظوں کو چیلنج کرتی ہیں کہ اس سے پہلے کہ ایک بے گناہ شخص ہمیشہ کے لیے خاموش کر دیا جائے وہ انصاف کے لیے قدم اٹھائیں۔

کیا عالمی برادری ان کی آواز سنے گی یا سیاسی مفادات انصاف کی سنگین خلاف ورزی کی اجازت دے دیں گے؟ یہ فیصلہ دنیا کو کرنا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp