آسٹریلیا میں 10 ملیں ڈالر کی چوری پر بھارتی شہریوں سمیت 19 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
آسٹریلیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق آسٹریلوی ریاست وکٹوریہ کی پولیس نے شہر کی تاریخ کے سب سے بڑے شاپ لفٹنگ (چوری) نیٹ ورک کا سراغ لگاتے ہوئے 19 افراد کو گرفتار کر لیا ہے، جن پر الزام ہے کہ انہوں نے صرف 5 ماہ کے دوران 10 ملین ڈالرز سے زائد مالیت کی اشیا چرائیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت کی پدم شری ایوارڈ یافتہ سابق تیراک بولا چودھری کے تمغے اور اعزازات چوری
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں زیادہ تر بھارتی شہری ہیں جو عارضی ویزوں پر آسٹریلیا میں مقیم تھے۔ گرفتار ہونے والوں میں 21 سے 54 برس کی عمر کے 6 مرد اور ایک خاتون شامل ہیں، جن پر فی کس چوری کے مقدمات میں 25 ہزار ڈالر سے 1 لاکھ 36 ہزار ڈالر مالیت کی وارداتوں کا الزام ہے۔
یہ نیٹ ورک بڑی سپر مارکیٹ چینز کو نشانہ بنا رہا تھا اور زیادہ تر بچوں کے پینے کے کا فارمولہ، دوائیاں، وٹامنز، اسکن کیئر پراڈکٹس، الیکٹرک ٹوتھ برشز اور دیگر قیمتی ٹوائلٹریز چوری کرتا تھا۔ پولیس کے مطابق یہ گروہ منظم انداز میں چوری شدہ سامان غیرقانونی بیوپاریوں کے ذریعے بیچ کر منافع کما رہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: لیببو گُڑیا کی بڑھتی مقبولیت بڑی چوری کا باعث، 30 ہزار ڈالر کا نقصان
ایسٹ رینجن ڈویژن 1 کی انویسٹیگیشن اینڈ ریسپانس مینیجر، ڈیٹیکٹو ایکٹنگ انسپکٹر راچیلی چیاواریلہ نے اس کارروائی کو بڑی کامیابی قرار دیا۔ ان کا کہنا ہے ’یہ ہماری حالیہ تاریخ کی سب سے بڑی کارروائیوں میں سے ایک ہے جس میں منظم ریٹیل چوری کرنے والے گروہ کو نشانہ بنایا گیا۔ ہمارا پیغام واضح ہے، اگر آپ ہمارے ریٹیل سیکٹر کو نشانہ بنائیں گے تو ہم آپ کو نشانہ بنائیں گے۔‘
پولیس نے بتایا کہ اس آپریشن کو ’سُوپرانوفا‘ کا نام دیا گیا ہے اور اس میں آسٹریلین بارڈر فورس سمیت مختلف اداروں نے تعاون کیا۔ تحقیقات ابھی جاری ہیں اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا میں سب سے زیادہ چوری ہونے والی کار کون سی ہے؟
اعداد و شمار کے مطابق وکٹوریہ میں ریٹیل چوری تیزی سے بڑھتی ہوئی جرائم میں شامل ہے، گزشتہ سال ریاست بھر میں 41 ہزار 270 کیسز رپورٹ ہوئے جو 38 فیصد اضافہ ظاہر کرتے ہیں۔