امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ ہونے والے امن مذاکرات پر میڈیا کی منفی رپورٹنگ پر سخت ردعمل دیتے ہوئے ایک غیر معمولی بیان جاری کیا ہے۔
ٹرمپ نے اتوار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹرتھ سوشل‘ پر لکھا کہ اگر میں روس سے معاہدے کے تحت ماسکو دلوا بھی دیتا تو جعلی نیوز اور ان کے ساتھی ریڈیکل لیفٹ ڈیموکریٹس یہ کہتے کہ میں نے بہت بڑی غلطی اور ناکام سودا کیا ہے، اسی لیے وہ جعلی نیوز ہیں۔
ٹرمپ کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب متعدد امریکی اخبارات نے ان کے پیوٹن کے ساتھ مذاکرات پر کڑی تنقید کی۔ ایک اخبار نے لکھا کہ الاسکا میں ٹرمپ نے پیوٹن کو یوکرین کو دبانے کے لیے مزید وقت دے دیا۔ جبکہ ایک اور ادارے نے طنزیہ تبصرہ کیا کہ روسی جارحیت کا مقابلہ کرنے کا مطلب شاید یہی ہے کہ حملہ آور کو سرخ قالین پر خوش آمدید کہا جائے اور تالیاں بجائی جائیں۔
مزید پڑھیں: صدر ٹرمپ نے روس-یوکرین کے درمیان جاری ہولناک جنگ کے خاتمے کا فارمولہ پیش کر دیا
واضح رہے کہ ماسکو میں ہونے والی ملاقات کے دوران یوکرین پر جاری روسی حملے کے خاتمے کے لیے کوئی حتمی معاہدہ نہیں ہوا۔ اطلاعات کے مطابق ٹرمپ یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی سے پیر کو ملاقات کریں گے، اور ان پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ وہ روس کو بعض علاقوں سے متعلق رعایتیں دیں، جن میں وہ علاقے بھی شامل ہو سکتے ہیں جو اب تک روس کے قبضے میں نہیں آئے۔
ٹرمپ نے اپنے تازہ بیان میں دعویٰ کیا کہ مذاکرات میں بڑی پیشرفت کے حوالے سے جلد اعلان کیا جائے گا، تاہم ناقدین ان کے طنزیہ ماسکو والے جملے کو مذاق کا نشانہ بنا رہے ہیں۔