مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کو خصوصی پیکج کے تحت معاوضوں کی ادائیگی کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔
مشیر اطلاعات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایت پر معاوضہ پیکج کو ڈبل کردیا گیا ہے اورجاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے امدادی رقم 10 لاکھ روپے سے بڑھا کر 20 لاکھ روپے کردی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:خیبرپختونخوا: سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے جانے والا سرکاری ہیلی کاپٹر تباہ، 5 افراد شہید
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے بتایا کہ تمام اضلاع کو معاوضوں کی ادائیگی کے لیے 85 کروڑ روپے جاری کر دیے گئے ہیں، کل وزیراعلیٰ نے سوات میں متاثرین کو معاوضوں کے چیکس تقسیم کیے جبکہ آج سے باضابطہ طور پر تمام متاثرہ اضلاع میں چیکس کی تقسیم شروع ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں صوبائی حکومت سیلاب متاثرین کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور وزیراعلیٰ خود متاثرہ اضلاع کے دورے کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں:خیبرپختونخوا سیلاب: ایف نائن پارک میں معرکہ حق اور جشن آزادی کے حوالے سے پروگرام ملتوی
مشیر اطلاعات نے مزید بتایا کہ صوبے میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، اس لیے عوام ندی نالوں سے دور رہیں اور احتیاطی تدابیراختیارکریں، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی فوری اطلاع 1700 پر دیں۔