بلوچستان: یوم آزادی پر دہشتگردی کی بڑی سازش ناکام، لیکچرر کی سہولت کاری بے نقاب

پیر 18 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی نے بتایا ہے کہ صوبے میں سی ٹی ڈی سمیت سیکیورٹی فورسز بلوچستان کے امن کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہیں۔ یوم آزادی کے موقع پر ایک بڑے دہشتگردانہ منصوبے کو ناکام بنایا گیا اور کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر حملے میں بھی یہی گروہ ملوث تھا۔

کوئٹہ پریس کانفرنس کے دوران بلوچستان میں محرومی کے نام پر پھیلائے جانے والے پروپیگنڈے کو سازش قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے عوام سے کہا کہ وہ محتاط رہیں اور گمراہ عناصر کی حمایت نہ کریں۔ والدین کو ہدایت کی گئی کہ اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھیں۔

مزید پڑھیں: چند سومسلح افراد کا جتھا 25 کروڑ عوام پر اپنا نظریہ مسلط نہیں کرسکتا، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی

پریس کانفرنس کے دوران ہی بیوٹم یونیورسٹی کے لیکچرر ڈاکٹر عثمان قاضی نے اعتراف کیا کہ وہ دہشتگردانہ کارروائیوں کے لیے سہولت کاری کرتا رہا، ٹیلی گرام کے ذریعے اہداف دیے جاتے اور ہتھیار فراہم کیے جاتے تھے۔ لیکچرر نے کہا کہ اس نے ملک سے غداری کی ہے اور اس پر تہہ دل سے شرمندہ ہے۔ لیکچرر اور اس کی اہلیہ سرکاری ملازم ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ تحقیقات جاری ہیں اور مزید پروپیگنڈا ٹولز اور دہشتگرد رابطے سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں منظم انداز میں پاکستان کے خلاف سازش کی جاتی ہے اور قومی دھارے میں شامل سیاسی جماعتوں میں بھی ابہام پیدا کیا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں: وزیراعلیٰ بلوچستان کا کیچی بیگ اور مستونگ میں دہرے قتل کے واقعات کا نوٹس، ملزمان کی گرفتاری کا حکم

وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ بی ایل اے اور مجید بریگیڈ معصوم افراد کو برین واش کرکے خودکش حملہ آور بناتے ہیں، جبکہ لیکچرر ڈاکٹر عثمان قاضی خواتین کو ہتھیار فراہم کرتا تھا اور دہشتگردی کے بعد ہتھیار واپس جمع کرائے جاتے تھے۔ قاضی عثمان خود مجید بریگیڈ کا لیڈر تھا اور پاکستان سٹڈیز میں پی ایچ ڈی بھی کر رکھی ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ بلوچستان کے معاملے پر کنفیوژ ہے اور اسے اس مسئلے پر قیادت کا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر کوئی مذاکرات کرنا ہی نہیں چاہتا تو کیا اسے مارنے کا لائسنس دے دیا جائے؟ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ ہم ایک ریاست ہیں اور ہم پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ عوام کے تحفظ اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے۔

مزید پڑھیں:سرفراز بگٹی کی شاہ لطیف بھٹائی کی درگاہ پر حاضری، ادبی کانفرنس میں شرکت

وزیر اعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دہشتگرد معصوم بچوں اور مسافروں کو نشانہ بنا رہے ہیں اور اس کے خلاف حکمت عملی اب مختلف ہوگی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ گمراہ کن عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، تاہم اجتماعی سزا کے حق میں نہیں ہیں، تاکہ قانون کی بالادستی اور انصاف کو یقینی بنایا جا سکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp