بلوچستان کے محکمہ بلدیات میں اربوں روپے کی مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے، آڈٹ رپورٹ برائے مالی سال 25-2024 کے مطابق محکمہ نے 3 ارب 41 کروڑ روپے سے زائد کی بے قاعدگیاں کیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 29 کروڑ روپے کے بلاجواز اخراجات کیے گئے جبکہ 70 کروڑ روپے سے زائد کے اخراجات بغیر کسی اجازت کے انجام دیے گئے، اسی طرح 3 کروڑ 76 لاکھ روپے کا ریکارڈ آڈٹ ٹیم کو فراہم ہی نہیں کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:آڈیٹر جنرل رپورٹ، مالی سال 24-2023 کی سب سے بڑی مالی بے ضابطگی کہاں ہوئی؟
دستاویزات کے مطابق گزشتہ مالی سال میں محکمہ بلدیات 79 کروڑ 29 لاکھ روپے ریونیو وصول کرنے میں ناکام رہا، جبکہ اثاثوں کے کرایوں میں اضافہ نہ کرنے کے باعث 77 کروڑ 49 لاکھ روپے کا نقصان بھی برداشت کرنا پڑا۔
مزید برآں، رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ 2 کروڑ 53 لاکھ روپے کی رقم کا غلط استعمال کیا گیا۔
آڈٹ رپورٹ کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے سپرد کردیا گیا ہے، جو ان مالی بے ضابطگیوں کا تفصیلی جائزہ لے گی۔